مریم نواز کی خصوصی کاوش،پنجاب کے کاشتکاروں کو کینو،آلو برآمد کرنیکی اجازت

مریم نواز کی خصوصی  کاوش،پنجاب  کے کاشتکاروں  کو  کینو،آلو برآمد کرنیکی  اجازت

کاشتکاروں کی محنت رائیگاں نہیں جانے دینگے ، مشکلات سے نکلانے کیلئے وزیراعظم سے رابطہ میں ہیں زرعی سروسزکاشتکاروں کی دہلیز پرپہنچانے کیلئے 15اضلاع میں ایگریکلچر لیب آن ویل شروع کرنیکا پروگرام

لاہور(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی کاوش سے پنجاب کے کاشتکاروں کو وفاقی حکومت نے متبادل راستوں سے کینو اور آلو کی ایکسپورٹ کی اجازت دے دی ۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے آلو اور کینو کی ایکسپورٹ میں آسانی کے لئے وفاق سے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل کرنے کی درخواست کی تھی۔ ڈپٹی وزیراعظم کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے متعلقہ وزاتوں اور سٹیک ہولڈرز کو نمائندگی دینے کی استدعا کی۔ پنجاب حکومت نے آلو اور کینو کی ایکسپورٹ کے لئے نئی منڈیوں کی تلاش اور ایکسپورٹ اخراجات کمی لانے کے لئے عملی اقدامات کی اپیل کی تھی۔ حکومت پنجاب آلو اور کینو کی ایکسپورٹ کے زرمبادلہ کے حصول کے لئے روزانہ کی بنیاد پر مسائل حل کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے ۔ صوبہ پنجاب آلو اور کینو کی مجموعی پیداوار کا 95 فیصد پیدا کرتا ہے ۔ رواں سال آلو کی 12ملین ٹن اور کینو کی 4ملین ٹن پیداوارمتوقع ہے ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے آلو اور کینو کے کاشتکاروں کی محنت رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ کاشتکاروں کو مشکلات سے نکالنے کیلئے وزیراعظم سے رابطہ میں ہیں۔انہوں نے کہا حکومت زرعی ترقی اور کاشتکار کی خوشحالی کے لئے کھلے دل سے وسائل مہیا کررہی ہے ۔دریں اثنائوزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر زرعی سروسزکاشتکاروں کی دہلیزپرپہنچانے کیلئے منفرد ایگریکلچر لیب آن ویل شروع کیا جارہا ہے ۔ پنجاب کے 15اضلاع میں ایگریکلچر موبائل لیب قائم کی جائیں گی۔ موبائل لیب کے ذریعے کاشتکار مٹی اور پانی کی مو قع پر تجزیہ رپورٹ حاصل کر سکیں گے ۔ موبائل لیبا رٹریوں کے ذریعے مٹی اور پانی کے نمونوں سے زرخیزی کا تعین ممکن ہوگا۔ مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے موبائل لیب کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔پنجاب کے تمام اضلاع میں 100کنٹینرز پر کسان مراکزبھی قائم کیے جائیں گے جن میں ڈیٹا کال سنٹرز، ایگری کلچر آفیسر، ڈیجیٹل آلات اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔ مریم نواز کا کہنا ہے کسانوں کودہلیز پر فوری اور درست زرعی آگاہی حاصل ہوگی۔کسان دوست اقدامات سے رواں سیزن گندم کی ریکارڈ پیداوار متوقع ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں