بلدیاتی قانون کیخلاف عوامی ریفرنڈم کا آغاز، پنجاب بیدار ہوگیا : حافظ نعیم
لاہور میں 1400کیمپ قائم،نتائج کی روشنی میں پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کرینگے :امیر جماعت اسلامی ، خطاب جی پی او چوک میں صدر ہائیکورٹ بار و دیگر وکلا نے ووٹ کاسٹ کیا ، گجرات میں لیاقت بلوچ نے افتتاح کیا
لاہور،اسلام آباد (سیاسی نمائندہ،کورٹ رپورٹر،اپنے رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان نے پنجاب کے بلدیاتی ایکٹ کے خلاف تمام اضلاع میں چار روزہ "عوامی ریفرنڈم"کے نام سے مہم کا آغازکر دیا، ٹاؤن شپ لاہور میں کالج روڈ بٹ چوک میں کیمپ قائم کرکے مہم کا آغاز کیا گیا، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مذکورہ کیمپ کا دورہ کیا ۔کیمپ میں جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری، اظہر بلال، ذکر اللہ مجاہد، قیصر شریف، وقاص بٹ، خالد بٹ، شکیل ترابی، ساجد ناموس،عامر نثار، وسیم قریشی، فرحان شوکت، رشید ترابی اور دیگر رہنما ء و کارکن موجود تھے ۔ لاہور میں 1400 جبکہ باقی اضلاع میں ہزاروں کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ ریفرنڈم کے پہلے روز مردو خواتین کی بڑی تعداد نے رائے کا اظہار کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ چاروں صوبائی حکومتیں اختیارات دینے کیلئے راضی نہیں، پاکستان کے دل اور ڈیڑھ کروڑ آبادی کے شہر لاہور کی میٹرو پولیٹن حیثیت ختم کی جا رہی ہے ،پنجاب بیدار ہوگیا، مؤثر بلدیاتی نظام کے مطالبہ کی لہر پورے ملک میں پھیلے گی، نتائج کی روشنی میں پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا، کالے قانون کی واپسی تک گھیراؤ جاری رہے گا اسلام آباد میں بلدیاتی قانون پانچ مرتبہ تبدیل کیا گیا ، سینٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں پر انسانوں کی منڈی لگانے والے حکمرانوں نے چار بار ایکٹ میں تبدیلی کی جو ہمیں منظور نہیں۔امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کا کالا قانون جمہوریت اور عوام کی توہین ہے،اسے واپس لیا جائے اور بلدیاتی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کیا جائے ، اس کالے قانون کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے ، جمہوریت کیلئے جدوجہد بھرپور طریقے سے جاری رہے گی۔
دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ جی پی او چوک میں جماعت اسلامی لاہور کے صدر ضیاء الرحمن انصاری نے بھی کیمپ لگایا جس میں صدر لاہور ہائیکورٹ بار ملک آصف نسوانہ، شفقت محمود چوہان و دیگر وکلاء نے ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر صدر لاہور ہائیکورٹ بار ملک آصف نسوانہ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کالا قانون ہے ، غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن آئین کے خلاف ہیں۔ ضیاء الرحمن انصاری نے کہا کہ جمہوری نظام میں ایسا قانون نہیں بنایا جاسکتا ، یہ قانون آئین سے بھی متصادم ہے ۔ ادھر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کچہری چوک گجرات جبکہ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب اقبال خان نے اٹک میں ریفرنڈم کیمپ کا افتتاح کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو بیورو کریسی کے تابع بنا کر عوامی فیصلہ سازی کا حق چھین لیا ،اس قانون کے خلاف بھرپور مزاحمت جاری رکھیں گے ۔