وزیر اعظم نے چیئر مین ایچ ای سی تعیناتی کی سمری مستردکر دی
اسلام آباد (ماہتاب بشیر) وزیر اعظم نے چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی سے متعلق سمری مسترد کر دی، انہوں نے سمری میں شامل ناموں پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی کی اسامی دوبارہ مشتہر کی جائے گی۔ سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد 30 جولائی 2025 سے یہ عہدہ خالی ہے ۔ وزیر اعظم کو بھجوائی گئی سمری میں این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کے نام تجویز کیے گئے تھے تاہم وزیر اعظم نے یہ سمری مسترد کرتے ہوئے واپس وزارت تعلیم کو بھجوا دی ہے ۔واضح رہے کہ 30 جولائی کو ہی سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم ندیم محبوب کو اضافی ذمہ داریاں سونپتے ہوئے انکی تین ماہ کی ایڈہاک تعیناتی کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ مستقل چیئرمین ایچ ای سی جلد تعینات کر دیا جائے گا۔