انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے جدید رسک اینالیسس یونٹ قائم
جعلی دستاویزات سے متعلق سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہو گی جدید تجزیاتی طریقے اور افسروں کوتربیت دی جائیگی:ڈائریکٹر لاہور زون
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) ایف آئی اے لاہور زون میں انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے جدید رسک اینالیسس یونٹ قائم ، افتتاح کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون، آئی سی ایم پی ڈی پاکستان، یورپی یونین کے پاکستان میں وفد اور رکن ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ یونٹ سے بارڈر مینجمنٹ، امیگریشن کنٹرول اور انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔اس نظام سے انسانی سمگلنگ اور ٹریفکنگ کے نیٹ ورکس کو جدید تجزیاتی نظام اور ڈیٹا پر مبنی حکمتِ عملی کے ذریعے روکا جا سکے گا۔
نیا قائم کردہ رسک اینالیسس یونٹ مسافروں کے ڈیٹا، سفری پیٹرن اور انٹیلی جنس معلومات کا تجزیہ کرے گا ۔ڈیٹا کے تجزئیے سے انسانی سمگلنگ، جعلی دستاویزات، اور غیر قانونی ہجرت سے متعلق سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہو گی ۔یہ یونٹ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بروقت اور ہدفی کارروائی کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیا کا کہنا ہے کہ آئی سی ایم پی ڈی کے ساتھ تعاون سے عالمی معیار کے جدید تجزیاتی طریقے ، ٹولز، اور تربیت پاکستانی افسروں کو فراہم کی جائے گی۔رسک اینالیسس یونٹ کا قیام انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کو توڑنے اور قومی و علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔