انسداددہشتگردی ججزکی سکیورٹی کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

 انسداددہشتگردی ججزکی سکیورٹی کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

آئی جی پنجاب نے 24کروڑ روپے کی سمری وزیراعلیٰ مریم نواز کو ارسال کردی

لاہور (محمد اشفاق سے )آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے ججز کی سکیورٹی کیلئے نئی لگژری اور بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا، جس کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو تقریباً 24 کروڑ روپے کی سمری ارسال کر دی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالتوں کے ججز کیلئے 11 نئی گاڑیوں کی خریداری کی جائے گی ، ان گاڑیوں کی خریداری پر 14 کروڑ روپے سے زائد رقم درکار ہوگی جبکہ گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کیلئے 9 کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ مراسلے کے مطابق ڈی آئی جی پولیس سکیورٹی ڈویژن لاہور جوڈیشری کی سکیورٹی کے فوکل پرسن ہیں جبکہ واضح کیا گیا ہے کہ ملک کے عدالتی نظام کو سکیورٹی خدشات لاحق ہیں اور ان خدشات سے متعلق مراسلہ بھی سمری کے ساتھ لف کیا گیا ہے ، پنجاب پولیس نے نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں