شہباز شریف سے لیبیا کے وزیراعظم ،فوجی کمانڈر کی ملاقات

شہباز شریف سے لیبیا کے وزیراعظم ،فوجی کمانڈر کی ملاقات

علاقائی و عالمی سطح پر امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دیا جائیگا:وزیراعظم

اسلام آباد(نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں)پاکستان اور لیبیا نے قریبی روابط برقرار رکھنے اور مستقبل میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے لیبیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مسلسل روابط اور بات چیت کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔ وزیراعظم سے لیبیا کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی۔ وفد لیبیا کی حکومت کے وزیراعظم ڈاکٹر اسامہ سعد حمد، لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر اور نائب کمانڈر اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر پر مشتمل تھا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں مشترکہ امور میں تعاون بڑھانے اور علاقائی و عالمی سطح پر امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ شہباز شریف نے لیبیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مسلسل روابط و مکالمے کی اہمیت پر زور دیا جبکہ لیبیا کی قیادت نے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔بیان کے مطابق ملاقات میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور مستقبل میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم سرطان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا پاکستان کینسر کے عالمی دن پر دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر اس موذی مرض سے متاثرہ تمام افراد سے اظہار یکجہتی اور متاثرین پر اس مرض کے بوجھ کو کم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتاہے ۔حکومتی اور نجی سطح پر باہم تعاون اور ہم آہنگی سے ہم اس مرض کی بروقت تشخیص، موثر علاج اور ہمدردانہ نگہداشت کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں