جرح کے نام پر گواہ کو ہراساں کرنا ناقابلِ قبول :سپریم کورٹ
ٹرائل کورٹ کو غیر ضروری جرح محدود یا ختم کرنے کا مکمل اختیار :عدالت
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ جرح کے نام پر گواہ کو ہراساں کرنا اور غیر متعلقہ سوالات کرنا ناقابلِ قبول ہے ۔ عدالت کے مطابق جرح کا حق نہ تو لامحدود ہے اور نہ ہی بے لگام، اور ٹرائل کورٹ کو غیر ضروری جرح محدود یا ختم کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے ۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے میں ٹرائل کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں کو قانون کے مطابق قرار دے دیا۔سپریم کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں واضح کیا ہے کہ جرح کا حق لامحدود نہیں ہوتا اور ٹرائل کورٹ کو یہ مکمل قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ غیر ضروری، غیر متعلقہ یا ہراساں کرنے کے مترادف جرح کو محدود یا ختم کر دے ۔ ٹرائل کورٹ نے کیس میں مشاہدہ کیا کہ مزید جرح غیر ضروری اور غیر متعلقہ ہے ، جس کے بعد مدعا علیہ کا مزید جرح کا حق ختم کر دیا گیا، جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے اس فیصلے کے خلاف دائر اپیل مسترد کر دی۔ یہ کیس لاہور کے علاقے موہلنوال میں واقع 53 کنال 3 مرلہ اراضی سے متعلق تھا، جہاں مدعی بطور گواہ پیش ہوا اور دو ماہ کے دوران سات سماعتوں میں اس پر 30 صفحات پر مشتمل جرح کی گئی۔