ایرانی فورس کی کارروائی، آبنائے ہرمز میں امریکی پرچم والا جہاز روک لیا
تہران: (دنیا نیوز) ایران کی پاسداران انقلاب فورس نے آبنائے ہرمز میں امریکی پرچم والے جہاز کو روک کر گھیرے میں لے لیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام نے بتایا کہ امریکی پرچم والا جہاز بغیر اجازت ایرانی پانیوں کی حدود میں داخل ہوا تھا، ایرانی کشتیوں کی جانب سے وارننگ ملنے کے بعد جہاز علاقے سے نکل گیا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی آبنائے ہرمز میں پیش آئے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ ایرانی کشتیوں نے امریکی پرچم والے جہاز کو روکا اور عملے کو ہراساں کیا۔
سینٹ کام کا مزید کہنا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب کی کشتیاں اور ایرانی ڈرون امریکی پرچم والے جہاز تک پہنچے اور جہاز کو قبضے میں لینے کی دھمکی دی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کا بحری بیڑے کی طرف آنے والے ایرانی ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ
امریکی سینٹرل کمانڈ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکی ایئرکرافٹ یو ایس ایس ابراہم لنکن پر موجود امریکی ایف 35 سی لڑاکا طیارے نے ایرانی ’شاہد-139‘ ڈرون مار گرایا۔