خیبر پختونخوا:سکیورٹی فورسز کے آپریشن ،فتنہ الخوارج کے24دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا:سکیورٹی  فورسز  کے  آپریشن ،فتنہ  الخوارج  کے24دہشتگرد  ہلاک

انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران اورکزئی میں 14جبکہ خیبر میں 10دہشت گرد مارے گئے خوارج کے مکمل خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری، صدر وزیراعظم کی سکیورٹی فورسز کو شاباش

راولپنڈی ،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار)خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 4 اور 5 فروری کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس دوران سکیورٹی فورسز نے موثر انداز میں خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع خیبر میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 10 خوارج کو موثر طریقے سے ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے ۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔ قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں