دہشتگردی افسوسناک، متحدہو کر جدوجہد کی ضرورت :حافظ نعیم
قوم مشرف کی پالیسیوں کے تنائج بھگت رہی ،موجودہ حکمران ٹرمپ کے چاپلوس پنجاب ،سندھ اور وفاق میں دھاندلی والے حکمران مسلط ہیں:نوشہرہ میں خطاب
نوشہرہ(آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں دہشتگردی واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے قوم کو پیغام دیا ہے کہ متحد ہوکر ملک کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانے اور مسلط طبقات سے جان چھڑانے کی جدوجہد کرے ۔نوشہرہ میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں جو ہو رہا ہے اس کے ذمہ دار امریکا و بھارت اور حکمران طبقات کی پالیسیاں ہیں۔ پرویز مشرف نے ملک کو امریکی جنگ میں دھکیلا جس کے نتائج قوم پچیس برس سے بھگت رہی تھی اور اب موجودہ حکمرانوں نے بھی ٹرمپ کی چاپلوسی شروع کردی ،ملک پر قبضہ کا نظام چل رہا ہے ، حکمران مرضی سے فیصلے کرتے ہیں، نوجوانوں کو اس فرسودہ نظام سے جان چھڑانے کی جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کو اقامت دین کی جدوجہد کی طرف راغب کرے ۔ طلبہ یونین کے انتخابات ہوجائیں تو اسلامی جمعیت طلبہ بڑی قوت کے طور پر سامنے آئے ۔ جمہوریت کے دعوے دار ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگاتے ہیں اور بعد میں فارم 47 کے تحت سیٹیں قبول کرلیتے ہیں۔ پنجاب ،سندھ اور وفاق میں دھاندلی کی پیداوار حکمران مسلط ہیں۔