دہشتگردی میں شدت کی وجہ پی ٹی آئی ہے :رانا تنویر
کالاشاہ کاکو(نامہ نگار )وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا۔
جبکہ پی ٹی آئی نے 2018 میں دہشتگردوں کو چھوڑااور آج ملک میں دہشتگردی میں شدت کی وجہ پی ٹی آئی ہی ہے ۔پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو تباہ کیا اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے تک پہنچایا۔ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف اور دیگر عالمی اداروں کو لیٹر لکھے کہ پاکستان کو کسی بھی پروگرام کا حصہ نہ بنائیں اور پاکستان کی امداد روکی جائے ۔ بھارت اور پی ٹی آئی ملک کو معاشی طور پر کمزور دیکھنا چاہتے ہیں اس لئے وہ کوششیں کرتے رہتے ہیں۔کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں جاری حالیہ دہشتگردی میں بھارت اور ٹی ٹی پی ملوث ہیں، جب سے مئی میں پاک بھارت جنگ میں بھارت نے منہ کی کھائی ہے تب سے اسے چین نہیں ۔اب اس میں جرات نہیں اس لئے وہ ملک میں دہشتگردی کر رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مریدکے میں سٹیپ سکول کی افتتاحی تقریب میں کوآرڈینیٹر رانا حسیب عامر،چیئرمین متحدہ پریس کلب سید قاسم علی شاہ ،سی ای او سٹیپ سکول مریدکے برانچ میاں عبدالمنان،رانا ارشد علی ،شیخ سعادت علی ،ملک ندیم محمود چوہان ،وقاص ڈھلوں،میاں مدثر ،بلال برکت،شاہد محمود بٹ ،سید طاہر محی الدین کے ہمراہ افتتاح کے موقع پر کیا ۔