راولپنڈی:جائے نماز فیکٹری میں آتشزدگی، کروڑوں کا نقصان
روات انڈسٹریل اسٹیٹ میں واٹر ہائیڈرنٹس ناپید، آگ بجھانے میں مشکلات تمام افراد کا بحفاظت انخلا،گزشتہ ماہ ہنگامی انتظامات کا مراسلہ بھجوایا گیا :ایمرجنسی آفس
راولپنڈی (خبر نگار، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)تھانہ روات کے علاقہ روات انڈسٹریل اسٹیٹ میں جائے نماز کی فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی کا واقعہ، فائر بریگیڈ گاڑیاں پانی ختم ہونے پر کئی کلو میٹر دور سے پانی بھر کر لاتی رہیں، اندھیرا ہونے سے امدادی کارروائیاں متاثر ہوئیں۔ آگ پہلے ویئر ہاؤس میں لگی، تیار مصنوعات کا کروڑوں روپے مالیت کا سٹاک مکمل جل گیا۔ آگ لگنے کی اطلاع فیکٹری مالک عثمان نے 3 بج کر 45 منٹ پر دی۔ آگ کی شدت کے باعث علاقے میں خوف پھیل گیا، کئی کلو میٹر دور دھوئیں کے بادل دیکھے گئے ۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ واٹر ہائیڈرنٹس نہ ہونے سے پانی ری فل میں مشکلات کا سامنا رہا جس پر واسا کی ٹینکر سروس سے استفادہ کیا گیا۔ادھر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفس کی جانب سے کہا گیا کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کو گزشتہ ماہ بھی صنعتی یونٹوں میں ہنگامی انتظامات کا مراسلہ بھجوایا گیا تھا۔