علیمہ خان کے خلاف 26نومبر کے احتجاج کیس پر آج پھر سماعت ہو گی
راولپنڈی(خبر نگار)انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت حتمی مرحلے میں پہنچ گئی۔
آج پھر سماعت ہو گی۔ پیر کو علیمہ خان اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔وکیل صفائی کی جانب سے مقدمے کے اہم گواہ مدعی مقدمہ سب انسپکٹر ندیم مرتضٰی پر جرح جاری رہی ۔وکیل صفائی نے 27 نومبر 2024 کے نجی ٹی وی کے بلیٹن، پروگرام اور خبریں اپنے دفاع میں پیش کردیں۔وکیل فیصل ملک نے 15 سے 20 مرتبہ نجی ٹی وی کی خبریں کمرہ عدالت میں چلوائیں۔پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے دلائل دئیے کہ خبریں غیر ضروری ہیں ریکارڈ پر بھی نہیں۔دوران سماعت پراسیکیوشن اور وکیل صفائی کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔عدالت نے کیس کی سماعت آج صبح تک ملتوی کردی۔مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔