مالیاتی راز داری کوحقِ معلومات پر فوقیت ہے :اسلام آبادہائیکورٹ

مالیاتی راز داری کوحقِ معلومات پر فوقیت ہے :اسلام آبادہائیکورٹ

اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹیکس دہندگان کا ڈیٹا ظاہر کرنے سے متعلق پاکستان انفارمیشن کمیشن کے احکامات معطل کر دیئے ۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے ایف بی آر کی درخواست پر پی آئی سی آرڈرز پر حکم امتناع جاری کیا،سماعت کے تحریری حکمنامہ میں عدالت کاکہناہے کہ مالیاتی راز داری حقِ معلومات پر فوقیت رکھتی ہے ، حقِ معلومات ایکٹ کے تحت بھی ٹیکس ریکارڈ ظاہر نہیں کیا جا سکتا،دوران سماعت ایف بی آر کی جانب سے سینئر قانون دان حافظ احسان کھوکھر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 216 دیگر تمام قوانین پر بالادست، ٹیکس دہندگان کی معلومات افشا کرنے پر مکمل قانونی پابندی ہے ،ٹیکس دہندگان کی شناخت ظاہر کرنا بھی قانون کی خلاف ورزی ہے ، پی آئی سی نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا، یہ رازداری اتفاقی یا صوابدیدی نہیں بلکہ ایک دانستہ قانون سازی کا نتیجہ ہے ،اس کا مقصد ٹیکس دہندگان کی معلومات کا تحفظ، ٹیکس نظام پر اعتماد کی بحالی اور حساس مالیاتی ڈیٹا کے غلط استعمال کو روکنا ہے ،پی آئی سی کا آرڈر ٹیکس دہندگان کی رازداری کے تحفظ کے لیے بنائے گئے خصوصی مالیاتی قوانین سے براہِ راست متصادم ہے ۔ایف بی آر نے پی آئی سی کی جانب سے ٹیکس دہندگان کا ڈیٹا فراہم کرنے کے آرڈرز کو چیلنج کیا گیا،پاکستان انفارمیشن کمیشن نے 8 جنوری 2026 اور 3 دسمبر 2025کو احکامات جاری کیے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں