سعودہ عرب اور پاکستان کا انسداد دہشتگردی تعاون بڑھانے پر اتفاق

سعودہ عرب اور پاکستان کا انسداد دہشتگردی تعاون بڑھانے پر اتفاق

طلال چودھری کی سعودی نائب وزیرِ داخلہ سے ملاقات ، خطے کی سکیورٹی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا وزیرِ مملکت داخلہ نے سعودی قیادت کو وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے رمضان کی آمد پر تہنیتی پیغام پہنچایا

 ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی عرب اور پاکستان نے سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کر لیا۔ یہ ملاقات اُس وقت ہوئی جب پاکستان کے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری ، سعودی نائب وزیرِ داخلہ عبدالعزیز  بن محمد بن ایّاف سے ملنے ریاض پہنچے ،ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گزشتہ چند برسوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سلامتی کے تعلقات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ پچھلے سال دونوں ممالک نے ایک اہم دوطرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کئے تھے ، جس کے تحت کسی ایک ملک پر ہونے والی جارحیت کو دونوں کی مشترکہ سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا۔عرب نیوز کے مطابق طلال چودھری نے ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مسلسل رابطہ خطے میں امن و استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے ۔بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ دونوں فریقین نے سکیورٹی تعاون بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات میں تیزی لانے پر اتفاق کیا ہے ۔ریاض میں قیام کے دوران طلال چودھری نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں بھی شرکت کی۔ یہ بین الاقوامی دفاعی نمائش دنیا بھر کی مسلح افواج، حکومتوں اور دفاعی صنعت کے بڑے اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتی ہے ۔اپنے دورے کے دوران پاکستانی وزیرِ مملکت نے سعودی قیادت کو وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی جانب سے رمضان المبارک کی آمد پر تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں