نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بننے چاہئیں:سردار محمد یوسف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بننے چاہئیں تاکہ لوگوں کے مسائل حل ہوں، پی ٹی آئی نئے پاکستان کا دعویٰ کرتی تھی، انہوں نے پرانا بھی تباہ کردیا،
عازمین حج ملک کے سفیر ہوتے ہیں،2026 ء میں عازمین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت اقدامات کررہی ہے ، حج کے حوالے سے مربوط تعاون پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے شکرگزار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حاجی کیمپ کراچی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈائریکٹر حج سید امتیاز علی شاہ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ عازمین حج کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، دوسرا رمضان المبارک کے بعد ہوگا، سندھ کے 29 ہزار عازمین کراچی سے جائیں گے ،کراچی ، لاہور اور اسلام آباد سے زیادہ حاجی جاتے ہیں ، تمام سہولیات فراہم کریں گے ۔ محمد یوسف نے کہا کہ تحریک انصاف کی ناکامی ہے کہ وہ مانسہرہ سمیت دیگر علاقوں میں صوبہ بنانے کاکام نہیں کر سکی ، پی ٹی آئی کے لیڈر پر کیسز ہیں اور اسے سزا بھی ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک نئے صوبوں کی بات ہے تو ہم بھی صوبہ ہزارہ بنانا چاہتے ہیں سب متفق ہیں، 3 بار کے پی کے اسمبلی نے قرارداد بھی منظور کی ،صوبے بنائے جانے چاہئیں، ہم صوبے بنانے کی تحریک چلا رہے ہیں، تقسیم کی بات نہیں کرتے لیکن صوبہ یا یونٹ ضرورت ہے تاکہ لوگوں کے مسائل حل ہوں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے اختیارات کے تحت کام کر رہی ہے ،پنجاب حکومت نے اچھا قدم اٹھایا ہے کہ مسجد کے پیش اماموں کو اعزازیہ دیا،باقی مساجد کو بھی دیں تو اچھی بات ہے ، یہ ثواب کا کام ہے ۔