38 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان : ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں کی امداد ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے 13 ہزار روپے فی خاندان دیئے جائینگے : شہباز شریف
فرسودہ نظام ختم، پہلے یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے ناقص اشیاکیلئے مستحقین کو عزت نفس قربان کرکے قطاروں میں لگنا پڑتا تھا،تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن سے نئے نظام کی شفافیت پر مہر تصدیق ثبت :خطاب اسلام آباد میں سکیورٹی کی صورتحال و دیگر معاملات کو نہایت احسن انداز سے حل کیا جائے ، وزیراعظم کی وزیرداخلہ محسن نقوی کو ہدایت، دورہ سری لنکاپر بات چیت،سری لنکن صدر کو پیغام بھیجیں گے
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں کے لئے 13 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے 38 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے کونے کونے میں مستحق سفید پوشوں کو شفاف طریقے سے ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے ادائیگیاں کی جائیں گی۔ وزیر اعظم رمضان پیکیج 2026 کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ ،وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری ، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ،معاون خصوصی ہارون اختر خان، چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے ۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ نہ صرف بدنی عبادات بلکہ رزق حلال سے وسائل کو تقسیم کرنے کا مہینہ بھی ہے ، ماضی کے فرسودہ نظام کو ختم کردیا جب یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے ناقص اشیائے خور و نوش کے لئے مستحقین کو عزت نفس کی قربانی دے کر قطاروں میں لگنا پڑتا تھا، اس میں کرپشن بھی ہوتی تھی، گزشتہ سال سفید پوشوں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کا شفاف نظام متعارف کرایا، رواں سال اسی کو مزید بہتر بناتے ہوئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور ملک کے کونے کونے میں ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں تک 13 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے 38 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے ، اس میں کوئی سیاسی تفریق نہیں ، میں نے اس نظام کو وضع کرنے کے لئے خود نگرانی کی، مسائل اور رکاوٹوں کو دور کیا گیا کیونکہ کیش لیس اکانومی اور ڈیجیٹل ادائیگیوں میں کئی مشکلات تھیں، تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن نے اس کی شفافیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے ۔وزیر اعظم نے بٹن دبا کر رمضان پیکیج کے تحت ادائیگیوں کے پروگرام کا اجرا کیا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تخفیف غربت کے لئے اقدامات اور سماجی تحفظ و انسانیت کی خدمت موجودہ حکومت کا شعار ہے ۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر احمد علی نے بتایا کہ مستحق طبقات کے لئے شفاف ادائیگیوں کا نظام وزیر اعظم کا ویژن ہے ، گزشتہ سال پانچ ہزار روپے کا پیکیج تھا جسے بڑھا کر رواں سال 13 ہزار روپے کردیا ہے ، شفافیت کے لئے اس کی بھی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ہیلپ لائن 9999 سے پروگرام کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔دریں اثنا شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے ملکی سکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ اسلام آباد کی موجودہ صورت حال پر بھی تفصیل سے بات چیت کی۔وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سکیورٹی کی صورت حال اور دیگر معاملات کو نہایت احسن انداز سے حل کیا جائے ۔ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی کے سری لنکا کا دورہ کرنے سے متعلق بھی بات چیت ہوئی، جس میں وہ سری لنکن صدر کو وزیراعظم کا خصوصی پیغام بھی پہنچائیں گے ۔