میں نے 14 سال جیل کاٹی، آج کے لیڈر ڈیڑھ سال نہیں ہوئے چلا اٹھے : صدر زرداری
یہ قربانی نہیں دے سکتے ،میں نے تکلیفیں کاٹیں لیکن ہمت نہیں ہاری،جیلوں میں عبادت کرنی چاہیے ، دعا قبول ہوتی ہے پورا پاکستان جیتیں گے ، بلاول وزیراعظم ہونگے :کارکنوں سے خطاب، منگل کو لاہورآمد، پارٹی عہدیداروں سے ملیں گے
لاہور(سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے جیل کاٹی ہے ، میں نے کہا تھا 2 سال بعد جیل پوچھتی ہے ، آج لیڈر ایسے ہیں ڈیڑھ سال نہیں ہوا جیل میں اورچلانا شروع کردیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمال الدین والی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں کہیں نہیں لکھا کہ ہتھیار اٹھالیں، جنگ میں آپ کا نقصان ہے کیونکہ آپ کا بھانجا بھتیجا مرے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نے جیل کاٹی ہے، میں نے کہا تھا دو سال بعد جیل پوچھتی ہے ، آج لیڈر ایسے ہیں ڈیڑھ سال نہیں ہوا جیل میں اورچلانا شروع کردیا۔انہوں نے کہا کہ یہ قربانی نہیں دے سکتے ان کے پاس ہمت نہیں ہے، یہ صرف باتیں کر سکتے ہیں، میں نے بھی 14 سال جیل کاٹی ہے ، تکلیفیں کاٹی ہیں لیکن ہمت نہیں ہاری۔صدر زرداری کا کہنا تھا کہ جیلوں میں عبادت کرنی چاہیے جیلوں میں جا کر عبادت ہوتی ہے ، جیل میں عبادت کرنے والے کی دعا قبول ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورا پاکستان جیتیں گے اور ملک کو بنائیں گے ، وزیر اعظم بلاول ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری 2 روزہ دورے پر 17 فروری کو لاہور پہنچیں گے ، یہاں وہ پیپلز پارٹی کے لاہور اور پنجاب بھر کے نئے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے ،پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نئے عہدیداروں کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے جس میں صدر زرداری خصوصی شرکت کریں گے، صدر زرداری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے عہدیداروں اور ارکان اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔