ججز سائلین کیساتھ حساس رویہ اور دیانتداری برقرار رکھیں : چیف جسٹس
فورٹ عباس جوڈیشل کمپلیکس کادورہ، عدالتی امور ،سہولیات کا جائزہ ،ججز سے ملاقات ،بینچ اور بار میں تعاون پر زور خواتین فیسلٹیشن سینٹرز کے قیام کا اعلان ، عدالتوں کی سولرائزیشن، ای لائبریریز ، واٹر پلانٹس اگست میں مکمل:اعلامیہ
لاہور، اسلام آباد(کورٹ رپورٹر ،اپنے نامہ نگارسے )چیف جسٹس آف پاکستان نے ضلع بہاولنگر کی آخری عدالتی پوسٹ فورٹ عباس کے جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کیا، جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین کی حیثیت سے فیلڈ وزٹ کیا،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بھی دورے کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان کے ہمراہ تھے ،دورہ دور دراز اور کم وسائل والے اضلاع میں انصاف کی فراہمی مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے ،اس سے قبل گوادر، صادق آباد، گھوٹکی، بونی اور نگرپارکر کے دورے بھی کیے جا چکے ہیں، اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے فورٹ عباس جوڈیشل کمپلیکس میں عدالتی امور اور سہولیات کا جائزہ لیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے کہاکہ آئینی ضمانتوں کی مؤثریت جغرافیہ کی محتاج نہیں ہونی چاہئے ،ایل جے سی پی کے چار ترجیحی اصلاحاتی منصوبے اگست 2026 کے اختتام تک مکمل کیے جائیں گے ،اصلاحاتی منصوبوں میں عدالتوں کی سولرائزیشن، ای لائبریریز، خواتین سہولیات اور واٹر پلانٹس شامل ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہاولنگر نے ای لائبریری اور سولرائزیشن سہولت کا افتتاح کیا، چیف جسٹس آف پاکستان نے سولرائزیشن منصوبے کی بروقت تکمیل پر حکومت پنجاب کو سراہا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہاولنگر نے ویمن بار روم کا سنگ بنیاد رکھا،بار کے لیے ای لائبریری کا افتتاح بھی کیا گیا،چیف جسٹس آف پاکستان نے سول جج کی عدالت میں کارروائی بھی دیکھی،چیف جسٹس نے فورٹ عباس اور ملحقہ علاقوں میں تعینات ججز سے تفصیلی ملاقات کی۔
چیف جسٹس نے ججز کو دیانت داری، کارکردگی اور سائلین کے ساتھ حساس رویے برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور سپریم کورٹ کی طرز پر عدالت کے داخلی دروازے پر فیسلٹیشن سینٹر قائم کرنے کی تجویز دی،بار ممبران کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن منعقد کیا گیا،چیف جسٹس نے مؤثر انصاف کے لیے بینچ اور بار کے باہمی احترام اور تعاون پر زور دیا،چیف جسٹس نے مالی سال 2026-27 میں خواتین فیسلٹیشن سینٹرز کے قیام کا اعلان کیااور کہاکہ خواتین فیسلٹیشن سینٹرز میں مفت قانونی معاونت، نفسیاتی و سماجی خدمات فراہم کی جائیں گی،اعلامیہ کے مطابق سینٹرز میں مصالحتی سہولیات، فیملی وزٹیشن اور جی بی وی متاثرین کی معاونت شامل ہوگی،بچوں کے تحفظ اور معاونت کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی،چیف جسٹس نے انفراسٹرکچر اور سروس گیپس کی باقاعدہ دستاویز سازی کی ہدایت جاری کی۔