اسحاق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل سے ٹیلیفونک رابطہ
مشرقِ وسطیٰ سمیت ابھرتی ہوئی مجموعی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال عالمی فورمز پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق، مشترکہ موقف کیلئے مشاورت
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ، جس میں دوطرفہ تعلقات اور اہم عالمی امور پر گفتگو کی گئی۔ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ سمیت ابھرتی ہوئی مجموعی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے مشترکہ کوششوں اور باہمی دلچسپی کے امور زیرِ بحث آئے ۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے آئندہ ہونے والی بین الاقوامی مصروفیات اور عالمی فورمز پر دونوں ممالک کے مشترکہ موقف کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔ دونوں رہنماؤں نے اہم عالمی و علاقائی معاملات پر مستقل اور قریبی رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔یہ رابطہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔