باجوڑ :پولیس تھانے پر فائرنگ ، ایڈیشنل ایس ایچ او شہید

باجوڑ :پولیس تھانے پر فائرنگ ، ایڈیشنل ایس ایچ او شہید

تھانہ واڑہ ماموند پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا ،گل مانو دین فائرنگ کی زد میں آگئے ڈیرہ مراد جمالی میں چیک پوسٹ،کوئٹہ میں دکان پر دستی بم حملے ،دو افراد زخمی

باجوڑ ،ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی) خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پولیس تھانے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے جبکہ بلوچستا ن کے ضلع  ڈیرہ مراد جمالی میں نامعلوم افراد سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دستی بم پھینک کرفرار ہوگئے اورکوئٹہ میں نامعلوم شخص نے دکان میں دستی بم پھینک دیا۔ ضلع باجوڑ کی تحصیل واڑہ ماموند کے علاقہ عمرے میں واقع تھانہ واڑہ ماموند پر گزشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی ، ڈیوٹی پر موجود ایڈیشنل ایس ایچ او گل مانو دین فائرنگ کی زد میں آنے سے شہید ہوگئے ۔

بلوچستان پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی سٹی پولیس تھانے کی حدود میں فیضان مسجد کے قریب ریلوے ٹریک کی حفاظت کیلئے قائم سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر نا معلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کیا، بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ،چیک پوسٹ کی دیواروں اور کمرے کو نقصان پہنچا تاہم سکیورٹی اہلکار محفوظ رہے ۔سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے ۔کوئٹہ میں خدائے داد روڈ پر نامعلوم شخص ایک دکان میں دستی بم پھینک کر فرار ہوگیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے ،جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں