متحدہ عرب امارات کی سلامتی پاکستان کی سلامتی کا حصہ : فیلڈ مارشل
نائب حکمران ابوظہبی شیخ طحنون سے ملاقات،معاشی تعاون ،سرمایہ کاری ،سکیورٹی کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر اتفاق امن و استحکام کیلئے تمام شعبوں میں شراکت داری کومضبوط بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے :سی ڈی ایف عاصم منیر
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی سلامتی کا لازمی حصہ ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق ابوظہبی کے نائب حکمران اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ملاقات کے دوران معاشی تعاون سرمایہ کاری اور سکیورٹی کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، خطے کی صورتحال اور امن و استحکام پر بھی گفتگو ہوئی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیاگیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا پاکستان کی معیشت اور سکیورٹی کیلئے دہائیوں سے جاری سرمایہ کاری اور مسلسل حمایت پر دلی شکریہ ادا کیا، یہ تعاون دونوں برادر ممالک کے گہرے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان میں اقتصادی و سماجی ترقی کے فروغ میں اماراتی قیادت کے مثبت کردار کو سراہا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی اپنی سلامتی کا لازمی حصہ ہے ، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات اور سٹراٹیجک شراکت داری موجود ہے ۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تمام شعبوں میں اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھے گا، تاکہ دونوں برادر اقوام کے مفادات کا تحفظ ہو اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ ملے ۔