محسن نقوی کی عمران خان کی رہائی کیلئے کوششیں، فیلڈ مارشل سے بات کی، گنڈا پور
وزیرداخلہ واحد انسان ہیں جو فیلڈمارشل کے سامنے بات کرلیتے ہیں ،ہمارے دھرنے سے بانی پی ٹی آئی باہر نہیں آئینگے مفاہمت بہتری کا راستہ،پی ٹی آئی میں کسی میں فیصلہ سازی کی طاقت نہیں، ہم میں بدنیت لوگ موجود :سابق وزیراعلیٰ
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے عمران خان کی رہائی کیلئے جتنی کوشش اور محنت کی، اتنی پی ٹی آئی نے بھی نہیں کی ، محسن نقوی نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے فیلڈمارشل سے بات کی، محسن نقوی فیلڈ مارشل کے سامنے عمران خان کیلئے بولا ہے ، ورنہ میں نے اپنے سامنے عمران خان کیلئے بڑے بڑوں کو بولتے نہیں دیکھا۔ علی امین گنڈا پور کا ٹی وی پروگرام میں کہناتھا کہ محسن نقوی سے پہلی ملاقات چائنیز کے مسئلے پر ہوئی تھی، محسن نقوی سے کہا تھا آپ غلط کام کر رہے ہیں، میں گرفتار ہوا تو محسن نقوی نگران وزیراعلیٰ تھے ، میں نے محسن نقوی کو کہا میں نے اپنے بچے کو اپنی گرفتاری کا نہیں بتایا۔سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخو انے کہاکہ محسن نقوی نے بانی کی رہائی کیلئے جتنی کوشش کی،اتنی کسی نے نہیں کی،انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے فیلڈمارشل کے سامنے بات کی، وہ واحد انسان ہیں،جو فیلڈ مارشل کے سامنے بات کر لیتے ہیں،میں نے کسی اور کو کبھی فیلڈ مارشل کے سامنے بات کرتے نہیں دیکھا، میرا ابھی محسن نقوی سے رابطہ نہیں۔
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ دھرنا دئیے ہوئے 4دن گزر گئے ،ہمارے دھرنے سے بانی پی ٹی آئی باہر نہیں آئیں گے ، ہم عمران خان کی رہائی کے مطالبے سے صحت تک آگئے ،ہم اس کے ذمہ دارہیں۔ مفاہمت ہمارے دین میں ہے ، مفاہمت ترقی اور بہتری کا راستہ ہوتاہے ۔میری دعاہے کہ بانی کی صحت سے متعلق رپورٹ ٹھیک ہو، بانی پی ٹی آئی کے رہانہ ہونے کے ہم سب ذمہ دارہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیوں نہیں کرائی جارہی، ہٹ دھرمی کی جارہی ہے اس کامطلب ہے کہ دل میں چور ہے ۔ہمارے درمیان بدنیت لوگ ہیں،پی ٹی آئی میں کسی میں فیصلہ سازی کی طاقت نہیں، سب ایک دوسرے پر ملبہ ڈال رہے ہیں۔علی امین کاکہناتھاکہ بانی پی ٹی آئی سے یکم اکتوبر کو ملاقات ہوئی، بانی نے کہا 26ویں ترمیم روکنے کیلئے اسلام آباد آناہے ، جڑیں ہل گئی تھیں،سسٹم ہمارے ساتھ بیٹھنے پر راضی ہو گیا تھا۔
بانی سے جو لوگ ملنے جاتے ہیں وہ عجیب کہانیاں سناتے ہیں، بانی کو بتایا جاتا ہے قیادت غدار ہے ،لوگ نکلنے کیلئے تیارہیں ، 5اکتوبر کو ڈی چوک پر پہنچے تو 15 بندے بھی نہیں تھے ، بانی کورپورٹ دی گئی کہ ڈیڑھ لاکھ موجود تھے ، بانی کو رپورٹ دی گئی کہ فیض آبادپل پر 3 لاکھ لوگ موجود تھے ، بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دی،ہم نے بھر پور زور لگایا۔علی امین نے کہا کہ 26نومبر کو بانی نے ہمیں سنگجانی پر رُکنے کا کہا،ہم نے بات نہیں مانی، پی ٹی آئی مکمل طور پر ناکام ہو چکی، ناکامی میں ہم سب شامل ہیں، بانی پی ٹی آئی نے مجھے کئی بار کہاہے فوج ان سے زیادہ ضروری ہے۔