مری کی تاریخ کاسب سے بڑاترقیاتی پیکیج منظور
نواز شریف ، مریم کی زیر صدارت اجلاس ،کوٹلی ستیاں کیلئے 14 ٹورازم سکیمیں منظور نیا جدید ترین ٹورازم ہب بنانے کا فیصلہ ، پنجاب کا پہلا پیرا گلائیڈنگ سنٹر بنایاجائے گا
لاہور،مری (دنیانیوز،نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ رمضان المبارک صرف عبادات نہیں بلکہ ضرورت مندوں کا احساس کرنے اور سہارا بننے کا مہینہ بھی ہے ، صاحبِ استطاعت افراد اپنے اردگرد نادار لوگوں کی ضروریات کا خیال رکھیں جبکہ مریم نوازاور سربراہ مسلم لیگ ن نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں مری کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پروگرام کے لئے اربوں روپے کے تاریخی ڈویلپمنٹ پیکیج کی منظوری دے دی گئی ۔ نواز شریف اور مریم نواز کی زیر صدارت گورنمنٹ ہاؤس مری میں خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کوٹلی ستیاں کو پنجاب کانیا جدید ترین ٹورازم ہب بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کوٹلی ستیاں میں ٹورازم کی 14 سکیموں کی منظوری دی۔ کوٹلی ستیاں میں ایکو فرینڈلی گلمپنگ پوڈ ویلج اور ریزورٹ قائم ہوگاجبکہ پنجاب کا پہلا جدید پیرا گلائیڈنگ سنٹر بنایاجائے گا۔ سیاحوں کیلئے سکائی گلاس برج بنے گا جبکہ نئی چیئر لفٹ کے منصوبے کی منظوری بھی دے دی گئی ۔
بریفنگ میں بتایا کہ پتریاٹہ چیئر لفٹ کی مرمت اور اپ گریڈیشن کی جائے گی، بھوربن میں 50 بیڈ کاہسپتال بنے گا اور بس سٹینڈ کے ساتھ ہسپتال کے لئے واٹر سپلائی سکیم مکمل کی جائے گی ۔ اجلاس میں مری گلاس ٹرین پراجیکٹ اسلام آباد ائیرپورٹ سے مظفرآباد تک توسیع پر اتفاق کیا گیا جبکہ مری کی تاریخی عمارتوں کو قدیمی ڈیزائن کے مطابق بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا،مری کی تاریخی اور ثقافتی عمارتوں کے تحفظ کے لئے الگ شعبہ قائم کیا جائیگا۔ اجلاس میں مری میں ایک ہی مخصوص جگہ پر میعاری ہوٹلز قائم کرنے ،مری ہوٹل کمپلیکس بنانے ،سہ منزلہ عمارتیں ہٹا کر پارک اور گرین ایریاز بنانے ،اپر جھیکا گلی میں سہ منزلہ بلڈنگز ہٹا کر سڑک کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے ماہِ صیام کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے امت مسلمہ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہاکہ اہل وطن سحر،افطار اور تراویح میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کریں ، دعا ہے رمضان اسلامی دنیا میں خیر و برکت، سلامتی اور استحکام لے کر آئے ۔وزیراعلیٰ کہا رمضان المبارک میں سحری اور افطاری میں دسترخوان ضرورت مند افراد کے لئے کھلے رکھیں، رمضان المبارک رحم دلی، تشکر اور فراغ دلی کے بنیادی اقدار کا احساس دلاتا ہے ۔