بھارت کی امریکی توجہ حاصل کرنے کیلئے غیر معمولی سرگرمیاں
امریکی وفد کے دورے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا سفارتی تاثر سازی کا حصہ نئی دہلی واشنگٹن کیسا تھ قریبی روابط کو نمایاں کرنے کیلئے کو شاں ہے ،ماہرین
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) بھارتی فوج کے ویسٹرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز کے دورے پر آنے والے امریکی وفد کی سرگرمیوں نے سفارتی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔ بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق امریکا کے سفیر سرجیو گور اور امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل سیموئل جے پاپارو نے بھارتی فوج کے ویسٹرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں آپریشنل تیاریوں اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس دورے کو بھارتی میڈیا میں غیر معمولی کوریج دی جا رہی ہے ، جسے وہ سفارتی سطح پر مثبت تاثر اجاگر کرنے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق حالیہ علاقائی کشیدگی اور سفارتی چیلنجز کے تناظر میں نئی دہلی واشنگٹن کے ساتھ قریبی روابط کو نمایاں کرنا چاہتا ہے ، امریکی وفد کے دورے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا داخلی اور خارجی سطح پر سفارتی تاثر سازی کا حصہ ہو سکتا ہے ، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بھارت کو بعض عالمی فورمز پر متوقع حمایت حاصل نہ ہونے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ کچھ مبصرین کا کہنا ہے کہ امر یکا اور بھارت کے تعلقات،روابط کی نوعیت اور اثرات کا تعین زمینی حقائق اور باہمی مفادات کی بنیاد پر ہوگا۔