غیر ملکی سرمایہ کاری پر منافع ترسیلات میں 27.29 فیصد اضافہ
مالی سال 2025-26 کے ابتدائی 7 ماہ میں 1.7 ارب ڈالر بیرون ملک منتقل منافع کی شفاف اور بروقت ترسیل عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے :ماہرین
اسلام آباد (سید ظفرہاشمی) مالی سال 2025-26 کے ابتدائی سات ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری پر منافع کی ترسیلات 1.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 27.92 فیصد زیادہ ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یہ اضافہ سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی نشاندہی کرتا ہے۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی تا جنوری کے دوران غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے منافع کی بروقت اور باقاعدہ ترسیل کی۔
ایس آئی ایف سی حکام کے مطابق سرمایہ کاری کے عمل میں سہولت، پالیسیوں کا تسلسل اور ون ونڈو آپریشن جیسے اقدامات نے کاروباری ماحول کو بہتر بنایا ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق توانائی کے شعبے سے 400.19 ملین ڈالر اور مالیاتی شعبے سے 371.33 ملین ڈالر منافع کی مد میں بیرون ملک منتقل کیے گئے ۔ ملک وار تفصیل میں برطانیہ کو 442.76 ملین ڈالر اور چین کو 413.11 ملین ڈالر کی ادائیگیاں کی گئیں۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ منافع کی شفاف اور بروقت ترسیل عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے ۔