پنجاب:اینٹی ڈرون یونٹ،سائبر کرائم سیل قائم کرنیکی منظوری:محفوظ صوبہ بنانا چاہتے ہیں:مریم

پنجاب:اینٹی  ڈرون یونٹ،سائبر  کرائم  سیل  قائم  کرنیکی  منظوری:محفوظ  صوبہ  بنانا  چاہتے ہیں:مریم

پنجاب کے پہلے پیف ٹیک کا دورہ ، دہشتگردی کیخلاف پیشگی کارروائی کی پالیسی اپنانے ، مسلسل کومبنگ آپریشن کی ہدایت رمضان میں پہلی مرتبہ اشیا خورونوش 50فیصد سستی، جس شاپ پر ریٹ لسٹ نہ ہو، خریداری نہ کریں:وزیراعلیٰ

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے پہلے پراونشل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سنٹر (پیف ٹیک) کے دورہ کے موقع پر صوبے  کے پہلے اینٹی ڈرون یونٹ اور سائبر کرائم سیل قائم کرنے کی منظوری دیدی۔ مریم نواز نے کہا پنجاب کو محفوظ ترین صوبہ بنانا چاہتے ہیں،دہشت گردوں کی کارروائی پر ری ایکشن کی بجائے پیشگی کارروائی کی پالیسی اپنائی جائے ،عوام کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں فوری طور پر سائبرکرائم سیل قائم کرنے کا حکم دیا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے مسلسل کومبنگ آپریشن کی ہدایت کی، جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر جدید ترین سپیشل ڈیجیٹل سیکنر لگانے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے ۔بتایا گیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیلئے خصوصی ڈیش بورڈ بھی قائم کیے گئے ہیں ۔مریم نواز نے دہشتگردوں اورجرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے وسل بلور سسٹم مستحکم کرنے کا حکم دیا ہے ۔

مریم نوازنے کہا کہ پیف ٹیک میں سائبر سکیورٹی اور دیگر امور کیلئے اے آئی ہب بھی قائم کی جائے گی۔ دریں اثنا پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ رمضان المبارک میں اشیائے صرف کے نرخ میں 50 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے بھر میں پھل، سبزی، آٹا، چکن اوردیگر اشیاء خورونوش کے نرخوں کا باری باری جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اشیائے خورونوش کے نرخوں میں کمی پر پوری ٹیم کو شاباش دی اور عوام سے اپیل کی کہ جس شاپ پر ریٹ لسٹ نہ ہو،وہاں خریداری نہ کریں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیا کی سپلائی مزید بڑھانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو رمضان نگہبان بازاروں، دسترخوان، اوپن مارکیٹ اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیاز کا نرخ 2022ء کے بعد کم ترین کی سطح پر آگیا، ادرک، لہسن، لیموں اور دیگر کے نرخ میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ سال کی نسبت تمام اشیائے خورونوش کے نرخ میں کمی کا واضح رجحان جاری ہے ۔ 49 رمضان نگہبان بازار وں میں پانچ روز میں سوا 35لاکھ سے زائد افراد خریداری کیلئے آئے ۔رمضان نگہبان بازاروں میں 21لاکھ ٹن اشیائے خورونوش کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔ 5 روز میں عوام کو رمضان نگہبان بازاروں میں تقریباً 3کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مری میں پہلی مرتبہ راولپنڈی میں ڈی سی ریٹ سے بھی کم پر پھل،سبزیاں، آٹااور چکن دستیاب ہے ۔

رمضان بازاروں میں سینئر سٹیزن کیمپ قائم کردئیے گئے ، تقریبا ً 10 ہزار بزرگ شہریوں نے خریداری کی۔ رمضان نگہبان بازاروں میں اشیائے صرف کے نرخ کی مانیٹرنگ کا فول پروف انتظام کیا گیا۔ رمضان المبارک میں 10 کلو آٹا بیگ کا اوپن مارکیٹ نرخ 905 روپے اور20کلو آٹا بیگ کا نرخ 1810 روپے میں فروخت کیاجارہاہے ۔ صوبے بھر میں فلور ملوں کی طرف سے 1549 سیل پوائنٹ قائم کیے گئے ۔سیل پوائنٹس پر 850 کے رعایتی نرخ پر آٹا کے 10کلو بیگ کی فروخت جاری ہے ۔ صوبہ بھر میں 421 نگہبان رمضان دسترخوان پر 4لاکھ 62ہزار روزہ داروں نے افطاری کی۔ نگہبان رمضان دسترخوان پر افطاری میں چکن پلاؤ، سموسہ، پکوڑا، فروٹ، پانی اور کھجوروں سے تواضع کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نگہبان رمضان دسترخوان کے کھانے کی تیاری کیلئے پکوان سینٹرز کی مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے ۔ سحر و افطار کے دوران فوڈ اتھارٹی نے 9440 مقامات پر چیکنگ کی جبکہ 29ہزار کلو غیر معیاری کھانا تلف کیا گیا۔ صوبہ بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پیرا اور دیگر ٹیموں نے تین لاکھ 38ہزار مقامات پر چیکنگ کی۔ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر 1965دکانداروں، اوورچارجنگ پر24600 دکانداروں کو پونے چار کروڑ روپے جرمانہ عائد کیاگیا، 313کے خلاف ایف آئی آردرج ہوئی جبکہ 2870 دکاندار گرفتارکیے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں