حساس صورتحال کے پیش نظر غیر مصدقہ اوراشتعال انگیز مواد شیئر نہ کیاجائے :پی ٹی اے
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موجودہ حساس قومی صورتحال کے پیش نظر تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
پی ٹی اے نے ہدایت دی ہے کہ شہری غیر مصدقہ، اشتعال انگیز یا گمراہ کن معلومات/مواد کو شیئر، فارورڈ یا اپ لوڈ کرنے سے گریز کریں کیونکہ یہ براہِ راست یا بالواسطہ قومی مفاد، عوامی نظم و نسق یا ریاستی اداروں کو نقصان پہنچا سکتا ہے ۔شہری صرف مستند اور سرکاری ذرائع پر مبنی معلومات کو ہی شیئر یا اپ لوڈ کریں اور افواہوں و جعلی خبروں سے مکمل اجتناب کریں۔ جعلی یا گمراہ کن معلومات پھیلانے پر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے ۔پی ٹی اے نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط، سنجیدگی اور قومی ذمہ داری کے ساتھ عمل کریں تاکہ قومی استحکام اور عوامی اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔