9 کھرب کے جاری ترقیاتی منصوبے ، تکمیل کیلئے دہائی درکار

9 کھرب کے جاری ترقیاتی منصوبے ، تکمیل کیلئے دہائی درکار

سالانہ ایک سو ارب جاری ہوں تو منصوبوں کی تکمیل میں دس سال لگے سکتے ہیں ترقیاتی بجٹ جی ڈی پی تناسب سے کم، نئی منصوبوں کی ضرورت محدود رکھنے پر زور

اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا مجموعی حجم تقریباً 9 کھرب روپے تک پہنچ گیا ۔اگر سالانہ صرف ایک سو ارب روپے ترقیاتی فنڈز جاری کیے جائیں تو ان منصوبوں کی تکمیل میں کم از کم دس سال درکار ہوں گے ۔وزارت منصوبہ  بندی، ترقی و اصلاحات کے مطابق وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، محکموں اور صوبوں میں آٹھ سو سے زائد ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں جن کی تکمیل کے لیے تقریباً 9 کھرب روپے درکار ہیں۔ اندازے کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل میں پانچ سے دس سال لگ سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں ترقیاتی بجٹ کا حجم ملکی جی ڈی پی کے تناسب سے کم ہوا ہے ۔ 2014 میں یہ شرح 1.7 فیصد تھی جو مالی سال 2024-2025 میں کم ہو کر 0.6 فیصد رہ گئی ۔وزارت منصوبہ بندی نے آئندہ مالی سال 2026-2027 میں نئے منصوبوں کی منظوری محدود رکھنے اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے ، کیونکہ نئے منصوبوں سے مالی بوجھ اور تکمیل کا دورانیہ مزید بڑھ سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں