ایران اسرائیل کشیدگی،پاکستان،سعودیہ،ترکیہ ثالثی کا کردار ادا کریں:پاک سعودی یکجہتی کونسل
خلیجی ممالک پر ایران کے مبینہ حملوں پر تشویش ، افغانستان کے ساتھ مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے ، اعلامیہ علما پوری قوم سعودی عرب کیساتھ ،حرمین شریفین کا دفاع مذہبی ، قومی فریضہ ، قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، مقررین
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) پاک سعودی یکجہتی کونسل نے ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر حکومت پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے حرمین شریفین کے دفاع کے لئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کردیا ،یہ فیصلہ مرکز خالد بن ولید میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس کی میزبانی پاک سعودی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا فضل الر حمن خلیل نے کی ، پاک سعودی یکجہتی کونسل نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان، سعودی عرب، تر کیہ دیگر ممالک سے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کردی ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری، امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ اویس نورانی، کونسل کے صدر ڈاکٹر علی محمد ابو تراب سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم کے ایران ،امریکہ کشیدگی کے حوالے سے پیش کردہ موقف کی مکمل تائید کی گئی۔
قرارداد میں پاک سعودی دفاعی تعاون کی حمایت کرتے ہوئے سعودی عرب اور خلیجی ممالک پر ایران کے مبینہ حملوں پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا گیا ، ساتھ ہی ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کو بھی بلا جواز قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی گئی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ حرمین شریفین کے دفاع کے لئے پاکستان کے علما اور پوری قوم سعودی عرب کے ساتھ کھڑی ہے اور اسے اپنا مذہبی اور قومی فریضہ سمجھتی ہے ۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، اس لئے سعودی عرب کا دفاع دراصل حرمین شریفین کا دفاع ہے اور اس مقصد کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں افغانستان کی جانب سے پاکستان پر حملوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کا دفاع اور سالمیت اولین ترجیح ہے اور افواج پاکستان و سکیورٹی اداروں نے ملک کے دفاع کے لئے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اجلاس میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا گیا ۔ اجلاس میں حکومت پاکستان سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ افغانستان کے ساتھ مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے ۔