ایران اسرائیل کشیدگی، صورتحال بدلنے والی :نجم سیٹھی
بوٹس آن دی گرائونڈ بحث میں ٹرمپ کی تشویش، ایران میں کارروائی پیچیدہ ایران پر نیو کلیئر آپشن کا بھی امکان ، ’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘ میں گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ صورتحال میں بڑی تبدیلی آنے والی ہے اور اس کے اثرات واضح نظر آ رہے ہیں۔ گزشتہ رات اسرائیل اور ایران دونوں طرف سے شدید بمباری دیکھی گئی۔ نجم سیٹھی نے دنیا نیوز کے پروگرام \"آج کی بات سیٹھی کے ساتھ\" گفتگو میں کہا کہ اسرائیل پر پھینکے گئے میزائلوں سے تل ابیب میں شدید تباہی ہوئی۔ اسی طرح ایران پر بھی خوفناک بمباری کی گئی، جس میں تہران کے آئل ڈپو اور پانی کے پلانٹس کو نشانہ بنایا گیا، بمباری کے دن کے مناظر رات کے وقت کے دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ دھویں اور نقصان کی شدت نے ماحول کو گھیر لیا ہے ۔
ساتھ ہی جو بیانات سامنے آئے ہیں وہ خطرناک نوعیت کے ہیں۔ نیتن یاہو نے کہا کہ یہ آخری مرحلہ ہے اور آئندہ کچھ ایسا ہوگا جو سب کو حیران کر دے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے معاونین بھی مختلف بیانات دے رہے ہیں، جن میں بوٹس آن دی گرائونڈ کے آپشن پر بحث ہو رہی ہے ۔ سابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکی فوج ایران بھیجی جا سکتی ہے ، تاہم یہ خطرناک اور پیچیدہ عمل ہوگا کیونکہ ایران کی آبادی 90 ملین اور آرمی نصف ملین کے قریب ہے ۔نجم سیٹھی نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منظرنامہ امریکا کے جاپان پر ایٹم بم حملے کی یاد دلاتا ہے ، جہاں چھوٹے شہروں پر بمباری کے بعد سرنڈر کروایا گیا تھا۔ اسی طرح، نیتن یاہو بھی ایران کے خلاف شدید اقدامات کا عندیہ دے رہے ہیں اور امکان ہے کہ نیو کلیئر آپشن استعمال ہو سکتا ہے ۔