اسلاموفوبیا عالمی امن کیلئے خطرہ

اسلاموفوبیا عالمی امن کیلئے خطرہ

کراچی (این این آئی) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسلاموفوبیا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب انسانیت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے اور یہ عالمی امن و ہم آہنگی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے ۔

 اسلاموفوبیا انسانی حقوق اور سماجی ہم آہنگی کو کمزور کرتا ہے ، اس لیے عالمی برادری کو اس رجحان کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں کو امتیازی سلوک، نفرت انگیزی اور تعصب کا سامنا ہے ، جس کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ، دہشت گردی یا انتہاپسندی کو کسی مذہب، قوم یا تہذیب سے جوڑنا ناانصافی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو ہم اور وہ کی سوچ سے نکل کر باہمی احترام، برداشت اور مساوات کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا سندھ صوفیا کی سرزمین ہے اور یہاں ہمیشہ محبت، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دیا گیا ہے ، سندھ میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو برابر کے حقوق حاصل ہیں ، سندھ دھرتی امن، برداشت اور باہمی احترام کی علمبردار رہی ہے ۔ سندھ کی ثقافت محبت، رواداری اور تنوع کے احترام کی علامت ہے ،سندھ حکومت نفرت اور تعصب کی سیاست کو مسترد کرتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ذمہ دار سیاسی و سماجی قیادت اور میڈیا کو بھی نفرت کے بجائے برداشت، مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔ مراد علی شاہ نے کہا اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر آگاہی، موثر قانون سازی اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نفرت انگیز تقاریر اور تعصب کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ ایک پرامن اور منصفانہ عالمی سماج تشکیل دیا جا سکے ۔ مراد شاہ نے کہا اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے حکومتوں، میڈیا اور عوام کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ نفرت، تعصب اور امتیاز کے خاتمے کے بغیر پرامن دنیا کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں