رحیم یار خان : امدادی رقم کی تقسیم، چھت گرنے سے 8 خواتین جاں بحق، 70 زخمی

رحیم یار خان : امدادی رقم کی تقسیم، چھت گرنے سے 8 خواتین جاں بحق، 70 زخمی

چک 123 پی میں رش کے باعث خواتین دکان کی چھت پر چڑھ گئیں،ملبے تلے دب کر شہناز ،مریم،بختاور،انور، چرخی مائی ،پروین اورزلیخا دم توڑ گئیں شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ، متعددزخمیوں کی حالت تشویشناک، صدر مملکت کا اظہار افسوس ، وزیر اعلیٰ کا نوٹس، زخمی خواتین کے بہترین علاج کی ہدایت

رحیم یارخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر )بی آئی ایس پی رقم وصولی کے دوران دکان کی چھت گر گئی، 8 خواتین جاں بحق، 70زخمی ہوگئیں ، صدر آ صف علی زرداری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی تفصیل کے مطابق گزشتہ روز بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام رقم کی وصولی کے سلسلہ میں چک123پی میں سجادکریانہ سٹور پر خواتین کی بڑی تعداد جمع تھی کہ کچھ چھت پرچڑھ گئیں جس سے چھت اچانک زمین بوس ہوگئی ،ملبے تلے دب کر 50سالہ شہناز بی بی’40سالہ مریم بی بی’35سالہ بختاوربی بی’50سالہ انورمائی’45سالہ چرخی مائی عرف گوگی’ 49 سالہ پروین بی بی اورزلیخا بی بی دم توڑ گئیں ،جبکہ 70سے زائدخواتین زخمی ہوگئیں، ریسکیو ٹیموں ’ پولیس کی نفری نے مقامی افراد کی مددسے زخمیوں اور لاشوں کوہسپتال منتقل کیا زیادہ ترخواتین کے سرپھٹ گئے ، ٹانگیں اور بازو ٹوٹ گئے ، شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، بعدازاں کمشنربہاولپورمسرت جبیں اور آرپی اوبہاولپورغازی صلاح الدین نے زخمی خواتین کی عیادت کی اورکہاکہ انتظامیہ سانحہ کی تحقیقات کررہی ہے ، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی پیپلزپارٹی کے ڈویژنل صدرسابق ممبرصوبائی اسمبلی انجینئرجاویداکبرڈھلوں، ممبرصوبائی اسمبلی حبیب الرحمن گوپانگ، ٹکٹ ہولڈر راجہ ریاض سولنگی ۔

میاں امتیازاحمد، ممبرصوبائی اسمبلی شفیق احمد، ممبرڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی میاں عامرشہبازودیگر نے عیادت کی ، صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔صدرِ پاکستان نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں سے ہر ممکن تعاون کیا جائے ۔صدرِ مملکت نے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کو فوری طور پر رحیم یار خان پہنچنے کی ہدایت کی۔ صدرِ مملکت نے متعلقہ حکام کو واقعے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چھت گرنے سے 8 خواتین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا اور زخمی خواتین کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں