عمران خان کے بیٹے نائیکوپ کے ذریعے پاکستان آسکتے : وزیراطلاعات
ویزے کی ضرورت نہیں ، عید کے دن عمران کی بیٹوں سے فون پر بات کرائی جائیگی
اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اﷲ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بچے پاکستانی شہری ہونے کے ناطے نائیکوپ کے ذریعے پاکستان آ سکتے ہیں ،اس کے لئے انہیں پاکستانی ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی، ماضی کی طرح اس بار بھی عمران خان کی عید کے دن بچوں سے فون پر بات کروائی جائے گی۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جمائما گولڈ سمتھ کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے بچے پاکستان میں قیام کے دوران پاکستانی قوانین کی مکمل پاسداری کے پابند ہوں گے ۔ واضح رہے کہ جمائما گولڈ سمتھ نے اپنے بیٹوں کے پاکستان آنے کے لئے ویزا درخواست کے بارے میں تاخیر سے متعلق پوسٹ کی تھی۔