شہباز شریف، ولی عہد کویت اور عمان کے سلطان میں رابطے

شہباز شریف، ولی عہد کویت اور عمان کے سلطان میں رابطے

وزیراعظم نے ایک بار پھر حملوں کی مذمت کی اور مذاکرات پر زور دیا ایندھن بچانے کیلئے ریلوے فریٹ سروس کا استعمال ناگزیر :وزیر اعظم

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف ،کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح اورعمان کے سلطان کے درمیان ٹیلیفونک را بطے ہوئے جس میں خطے کی صورتحال پر غورکیا گیا ، وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق کویت کے ولی عہد ،وزیر اعظم شہبازشریف نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے پاکستان اور کویت کے عوام کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے کویت کے امیرشیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لئے بھی نیک خواہشات اور احترام کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے ایک بار پھر کویت پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی، انہوں نے کویت کے عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے تمام علاقائی ممالک کو امن، استحکام برقرار رکھنے اور اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا، پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط تاریخی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے، وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا،دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ،دونوں رہنماؤں نے عید کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام اور امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہء خیال کیا، عمان کے مختلف علاقوں میں حملوں کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر عمان کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے امن، استحکام اور تعمیری بات چیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، وزیر اعظم نے عمان کے سلطان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔ 

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان پیکیج، 2026کے تحت مستحقین کو رقوم کی شفاف طریقے سے فراہمی پر تمام متعلقہ اداروں کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سوشل پروٹیکشن والٹس پاکستان میں فنانشل ٹیکنالوجیز اور شفافیت کے حوالے سے ایک انتہائی اہم سنگ میل اور کامیاب اقدام ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،وزیراعظم نے رمضان پیکیج 2026 کے تحت مستحقین کو رقوم کی شفاف طریقے سے منتقلی پر تمام متعلقہ اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سوشل پروٹیکشن والٹس پاکستان میں فنانشل ٹیکنالوجیز اور شفافیت کے حوالے سے ایک انتہائی اہم سنگ میل اور کامیاب اقدام ہے ۔

وزیراعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تمام ادائیگیاں سوشل پروٹیکشن والٹس کے ذریعے یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ،بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایم رمضان ریلیف پیکیج کے تحت اب تک 1,955,620 ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی جا چکی ہیں، پیکیج کے تحت 89 فیصد مستحق افراد کو ادائیگیاں کر دی گئی ہیں ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسروں نے شرکت کی۔ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے بشمول نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے عام آدمی کو ہاؤس فنانس کی سہولت مؤثر انداز میں پہنچانے کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اسٹریٹجک روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کم آمدنی والے شہریوں کو گھر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور گھروں کی تعمیر کے لیے آسان قرضوں کو حکومتی ترجیح قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت کے حوالے سے اشیاء کی نقل و حمل کے لئے ریلوے کی فریٹ سروس کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے ،پاکستان ریلویز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے کا نظام ملک کی معیشت اور مواصلات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی اور صنعتی ترقی کے لئے ملک بھر کے ریلوے انفراسٹرکچر کی پائیدار بنیادوں پر تعمیر نو کرنے کی ضرورت ہے . علاقائی تجارت و روابط کے لئے ریلوے کو جدید بنیادوں پر ترقی دینا قومی پالیسی کا اہم جزو ہے ۔ وزیراعظم نے پاکستان ریلویز کو مال برداری(فریٹ) کی سہولیات اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت کے حوالے سے اشیاء کی نقل و حمل کے لئے ریلوے کی فریٹ سروس کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے ۔اجلاس کو پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان ریلویز کی فریٹ سروس میں اس سال 21 فیصد اضافہ متوقع ہے ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مین لائن ون(ایم ایل ون)کے پہلے فیز کراچی-روہڑی سیکشن کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے کام جاری ہے ۔ اس حوالے سے انجینئرنگ ڈیزائن، ماحولیاتی اثرات سے متعلق فیلڈ سروے اور زمین کی خریداری کا عمل جاری ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں