صارفین سولر پینلز منصفانہ طریقے سے لگائیں : وزیر توانائی
بغیر مینجمنٹ لگے سولر پینلز کی زیادہ تعداد گرڈ میں استحکام کے مسائل پیدا کرتی ہے ایل این جی کی سپلائی میں رکاوٹ پرطلب کو کنٹرول کرنا ضروری ہے ، اویس لغاری
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت شمسی توانائی کیخلاف نہیں، شمسی توانائی کو مکمل سپورٹ کرتی ہے لیکن اس طریقے سے جو تمام صارفین کے ساتھ منصفانہ ہو اور غیر شمسی صارفین پر غیر منصفانہ بوجھ نہ ڈالے۔ وزارت توانائی کی جانب سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا یہ ایک عالمی حقیقت ہے کہ بغیر مینجمنٹ کے چھتوں پر لگے سولر پینلز کی زیادہ تعداد گرڈ میں استحکام کے مسائل پیدا کرتی ہے اسلئے صارفین سولرپینلزمنصفانہ طریقے سے لگائیں۔ وفاقی وزیر توانائی نے کہا قطر انرجی کی طرف سے امریکا،اسرائیل،ایران تنازع کے بعد ایل این جی کی سپلائی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے جس سے مختلف شعبوں میں طلب کو کنٹرول کرناناگزیر ہو گیا ہے ، اگرچہ اس بحران کے دوران فرٹیلائزر سیکٹر پر محدود پابندیاں لگ سکتی ہیں لیکن فوڈ سکیورٹی کیلئے اسکی اہمیت کے باعث اسے احتیاط سے مینج کیا جاتا ہے ،اسی طرح کمرشل یا اعلیٰ گھریلو صارفین پر کوئی بھی پابندی ٹارگٹڈ (مخصوص)عارضی ہو گی اور یہ پالیسی کی ترجیح نہیں۔