امریکا، ایران مذاکرات کیلئے پاکستان میزبانی پر تیار، شہباز شریف کا بیان ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کردیا

امریکا، ایران مذاکرات کیلئے پاکستان میزبانی پر تیار، شہباز شریف کا بیان ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کردیا

فریقین کی رضامندی سے مشروط جنگ کے خاتمے ، جامع تصفیے کیلئے نتیجہ خیز مذاکرات کی سہولت فراہم کرنا باعث فخر اور اعزاز،اس سے امن و استحکام یقینی بنایا جاسکتا :وزیراعظم بات چیت ہمیشہ لڑائی جاری رکھنے سے بہتر ہوتی ہے ،امید ہے تمام فریق امن کی کھڑکی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مذاکرات شروع کرینگے :چینی وزیر خارجہ کا ایرانی ہم منصب کو فون

اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جاری بحران کے خاتمے کی خاطر امریکا ، ایران بامقصد مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شہباز شریف کا ایکس پر جاری بیان سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹروتھ سوشل پر شیئر کردیا۔اپنے بیان میں وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعے کے جامع حل کیلئے مذاکرات کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ان مذاکرات کی میزبانی کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے ۔ پاکستان مشرقِ وسطٰی میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے فروغ کی جاری کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے تاکہ خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کی رضامندی سے مشروط، پاکستان بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے اور اس کو اپنے لیے باعثِ اعزاز سمجھتا ہے تاکہ جاری تنازع کے جامع تصفیے تک پہنچا جا سکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ٹیلیفونک گفتگو میں خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کا تعمیری کردار جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیاتھا۔گزشتہ روز مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر رپورٹ ہوا کہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، وٹکوف اور جیرڈ کشنر ممکنہ طور پر اگلے ہفتے اسلام آباد میں ایران کے ہونے والے مذاکرات کی نمائندگی کریں گے ۔دوسری جانب اس حوالے سے ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا اگر فریقین راضی ہیں تو پاکستان ثالثی کی میزبانی کے لیے تیار ہے ۔ادھر اے ایف پی کے مطابق چین کے اعلیٰ سفارتکار نے منگل کے روز اپنے ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفون پر گفتگو میں کہا ہے کہ بات چیت ہمیشہ لڑائی جاری رکھنے سے بہتر ہوتی ہے ، یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ مذاکرات ہو چکے ہیں۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے تمام فریق ہر موقع اور امن کی ہر کھڑکی سے فائدہ اٹھائیں گے اور جتنا جلد ممکن ہو امن مذاکرات کا عمل شروع کریں گے ۔چین کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق بیجنگ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے آغاز پر زور دیا ہے ۔ عراقچی نے وانگ یی سے کہا کہ ایران ایک جامع جنگ بندی کیلئے پُرعزم ہے ، صرف عارضی جنگ بندی کیلئے نہیں۔انھوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ ہرمز سب کے لیے کھلا ہے اور جہاز محفوظ طریقے سے گزر سکتے ہیں لیکن جو ممالک اس وقت حالتِ جنگ میں ہیں ان پر یہ اطلاق نہیں ہوتا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام فریق کشیدگی بڑھانے کے بجائے اسے کم کرنے کیلئے اقدامات کریں گے اور چین سے توقع ظاہر کی کہ وہ امن کے فروغ میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں