شہباز شریف کا سعودی ولی عہد اور امیر قطر سے رابطہ
خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت ، قیادت کے تحمل کو سراہا، جنگ بندی وامت مسلمہ میں اتحاد پر زور دونوں رہنماؤں کی پاکستانی سفارتی کوششوں کی تعریف،بلاول اوروفدکی وزیراعظم سے ملاقات
اسلام آباد(نامہ نگار،نیوزایجنسیاں) وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اورقطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پررابطہ کیااور اپنی گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد محمد بن سلمان ، سعودی عوام اورقطر کے امیر اور عوام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی ۔ سعودی ولی عہد اورامیرقطر نے بھی وزیراعظم کو عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم نے دونوں ممالک اور عوام کیساتھ کھڑ ے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی پاکستان کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور ایک بار پھر اس مشکل وقت میں مملکت اور اس کے عوام کیلئے پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ موجودہ بحران میں غیر معمولی تحمل کا مظاہرہ کرنے پر مملکت کی قیادت کو سراہتے ہوئے سعودی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت اور سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی ، فوری جنگ بندی اور امت مسلمہ میں اتحاد کی فوری ضرورت پر زور دیااور ولی عہد کو خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، سعودی ولی عہد نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا جبکہ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ وزیر اعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے رابطے کے دوران خطے میں جاری جنگ پر تشویش کا اظہار کیااور قطر اور دیگر برادر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے ان حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کیلئے دعا کی۔
انہوں نے امیر قطر اور قطر کے برادر عوام کو اس مشکل وقت میں پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایااور موجودہ صورتحال کے تناظر میں قطر کے تحمل کو سراہتے ہوئے پاکستان کی سفارتی رسائی اور امن کی کوششوں سے امیر قطر کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مسلسل تمام فریقوں سے کشیدگی کم کرنے اور بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے اپنے اختلافات کو حل کرنے پر زور دیا ہے ۔ امیر نے علاقائی امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہااور دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ ادھر وزیراعظم سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور ، خلیج کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی خارجی اور داخلی سکیورٹی اور ممکنہ درپیش مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے وفاقی حکومت کی پالیسی اور اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے عالمی امن کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا،جس پر بلاول بھٹو نے جنگ کے تناظر میں وفاقی حکومت اوروزیراعظم کی پالیسی کی تعریف کی۔اس دوران وفاقی حکومت کی جانب سے صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے شرکت کی۔