سنگجانی جلسہ:پی ٹی آئی ایم این ایز کے خلاف فردجرم موخر
متعدد ملزمان غیر حاضر، آئندہ سماعت پر پیشی، درخواست بریت پر دلائل کی ہدایت فنڈنگ کیس بغیر کارروائی ملتوی، ٹویٹس مقدمہ میں سیمابیہ طاہر کی ضمانت میں توسیع
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )انسداد دہشتگردی عدالت جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی ایم این ایز کے خلاف سنگجانی جلسہ کیس میں ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے پر فرد جرم کی کارروائی موخر کرتے ہوئے بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرلیے ۔ پی ٹی آئی ایم این اے عامر ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مولانا نسیم شاہ اور دیگر ملزمان غیر حاضر رہے ۔ عدالت نے علی بخاری کی بریت کی درخواست پر اگلی سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو پیش ہونے کی ہدایت کی اور کہا 28 اپریل کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ اسی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف فیض آباد احتجاج کیس پر تھانہ آئی 9 کے مقدمہ میں استغاثہ کے ایک اور گواہ کا بیان ریکارڈ کر کے سماعت 8 اپریل تک ملتوی، آئندہ سماعت پر مزید گواہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ بینکنگ عدالت کے جج کی عدم دستیابی کے باعث بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت بغیر کارروائی 2 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے نامزد ملزمان سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت میں 2 اپریل تک توسیع کر دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر کے خلاف ریاست مخالف ٹویٹس کے مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری میں 2 اپریل تک توسیع کر دی۔ عدالت نے ملزمہ کو اگلی پیشی پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔