جنگ کے بجائے کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے کی ضرورت : مریم نواز
وزیراعلیٰ کی پی ایس ایل کے افتتاح پر قذافی سٹیڈیم آمد ،کھلاڑیوں سے ملاقات ،غیر ملکی کرکٹرزکی شرکت مثبت پیغام قرار پنجاب میں 14سٹروک مینجمنٹ سنٹر فعال ہیں ،ہرضلع میں سنٹر بنارہے ،بروقت علاج ہرمریض کا حق ہے :مریم نواز
لاہور(دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ جنگ کے بجائے کھیل کے میدانوں کو آباد کرنا وقت کی ضرورت ہے اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں بیٹ اور بال ہونے چاہئیں، ہتھیارنہیں ۔ وزیراعلیٰ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ کے موقع پر قذافی سٹیڈیم پہنچیں، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور دیگر حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مریم نواز نے لیگ میں شریک ٹیموں کے مالکان سے ملاقات کی اور لیگ میں شریک مقامی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی ۔ انہوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت کو پاکستان کیلئے مثبت پیغام قرار دیا۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ کی وسیم اکرم سے بھی ملاقات ہوئی، وسیم اکرم پی ایس ایل کی ٹرافی لے کر گراؤنڈ میں آئے ،اس موقع پرکھلاڑیوں اور آفیشلز کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد قابلِ ستائش ہے ،شائقین اگرچہ سٹیڈیم سے دور ہیں مگر دل سے کرکٹ کے قریب ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو کرکٹ کی سپر پاور بنانا چاہتے ہیں اور کھیل کے ذریعے بدامنی کو شکست دے کر خوشیاں واپس لائی جائیں گی۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ مریم نواز کاکہناہے کہ سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 14 سٹروک مینجمنٹ سنٹرفعال ہیں ،ہرضلع میں سٹرو ک مینجمنٹ سنٹر بنایاجارہاہے ،ہر مریض کا بروقت علاج ان کا حق ہے اور حکومت پنجاب انہیں یہ حق ضرورپہنچائے گی۔وزیراعلیٰ کے قائم کردہ سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے تحت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر مہنگا ترین انجکشن ’’ٹی این کے ‘‘مفت مہیا کررہا ہے۔ عیدالفطرکے موقع پر سروسز ہسپتال ایمرجنسی سٹروک مینجمنٹ سنٹر میں بروقت پہنچنے والے 4مریضوں کی جان بچالی گئی اوروہ ہمیشہ کی معذوری سے بھی بچ گئے۔ مریضوں 75 سالہ محمد ،70سالہ طلعت محمود ،63 سالہ شریفاں بی بی اور50 سالہ امانت علی اور ان کے اہل خانہ نے مریم نواز سے اظہار تشکر کیا ،بہت سی دعائیں دیں اورسٹروک مینجمنٹ سنٹر ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔