اسلام آباد میں روٹی 5 روپے مہنگی، سادہ 20، نان 30 روپے کا ہوگیا
چائے کاکپ 80روپے کا،چکن 700،بڑاگوشت 1600روپے کلوفروخت، آن لائن ٹیکسی کرایے بھی بڑھ گئے پٹرول،ڈیزل کتنا مہنگا، کو ئی بات نہیں کرتا:ہوٹل وتندور مالکان،شہریوں کا گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ
اسلام آباد (سید قیصرشاہ)عیدالفطر کی تعطیلات میں روٹی اورسادہ نان کی قیمتوں میں دیدہ دلیری سے من مانا اضافہ کردیا گیا، شہر اقتدار میں مہنگا ئی عروج پر پہنچ گئی ، شہر کے مختلف سیکٹرز میں تند وروں اور ہوٹلزنے روٹی ، سادہ نان اور کلچہ کی قیمت میں از خود پانچ روپے اضافہ کر دیا۔ سادہ روٹی بیس کے بجائے پچیس ، سادہ نان تیس روپے میں فروخت کیاجارہا ہے، عید کے ایام میں روٹی من مانے ریٹس پر فروخت کی جاتی رہی ،اس سلسلے میں تندوروں اور ہوٹل مالکان سے بات کی جائے تو جواب دیا جاتا ہے کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمت کتنی بڑھ گئی ہے اس پر تو کوئی بات نہیں کرتا، مہنگی روٹی پر شور کیا جا تا ہے۔
شہر میں سبزیوں ، پھلوں سمیت تمام اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں بھی اضافے کا سلسلہ شروع ہوگیا ، شیور مرغی کا گوشت 700 روپے کلو جبکہ بڑا گوشت 1600روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے ، پبلک ٹرانسپورٹ سمیت آن لائن ٹیکسی سروس کے کرایے بھی بڑھا دیئے گئے ہیں ، مہنگا ئی کے باعث تمام بنیادی اشیائے ضررویہ عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوگئیں ، ڈھابے اور چھپر ہوٹل پر چائے کا کپ اسی روپے اور دودھ پتی ایک سو روپے کا کپ دیاجارہا ہے ، دال سبزی کے ساتھ ایک وقت کا کھانا اب کم وبیش ڈھا ئی سو روپے سے کم نہیں اوراس کے ساتھ چائے کا کپ شامل کیاجائے تو پھر ساڑھے تین سو روپے میں ایک وقت کا کھانا سفید پوش طبقہ کی برداشت سے باہر ہو چکا ہے ۔ شہریوں نے اسلام آبا د انتظامیہ و دیگر متعلقہ حکام سے گرانفروشوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے ۔