پارلیمانی سال :سینیٹ سے 33بلز منظور ،479 سوالات کے جوابات

پارلیمانی سال :سینیٹ سے 33بلز منظور ،479 سوالات کے جوابات

پارلیمانی سال کے 112دنوں میں 64نشستیں ہوئیں ،دورانیہ 158گھنٹے 53منٹ رہا 85قراردادیں پیش،19منظور ہوئیں ،ارکان سینیٹ کی حاضری بھی تسلی بخش رہی

اسلام آباد (سید قیصرشاہ ) سینیٹ نے پارلیمانی سال 2025-26کی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں اس سال کی اہم کامیابیوں، قانون سازی کی کارکردگی اور عالمی روابط کے فروغ پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق سینیٹ نے مجموعی طور پر 33بل منظور کیے اور 479سوالات کے جواب دئیے ۔ اس سال کی سب سے بڑی کامیابی پہلی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کا کامیاب انعقاد تھا جس میں 33 ممالک کے 153 مندوبین نے شرکت کی ۔ پارلیمانی سال کے دوران سینیٹ کے 12 اجلاس (348واں تا 359واں)ہوئے جبکہ پارلیمنٹ کے تین مشترکہ اجلاس بھی ہوئے۔

مجموعی طور پر پارلیمانی سال کے 112 دنوں میں 64 نشستیں ہوئیں جن کا دورانیہ 158 گھنٹے 53 منٹ رہا۔ ایوان بالا میں 85 قراردادیں پیش کی گئیں جن میں سے 19 منظور ہوئیں ،مزید برآں 119 تحریکیں بھی موصول ہوئیں ۔اراکین کی حاضری بھی تسلی بخش رہی، سب سے زیادہ حاضری 355ویں اجلاس میں ریکارڈ کی گئی جس میں 88 سینیٹر ز شریک ہوئے جبکہ فی نشست اوسط حاضری 55 سینیٹرز رہی۔ پرائیویٹ ممبر ڈے کے 11 دن بھی منعقد کیے گئے جس سے نجی قانون سازی( پرائیویٹ ممبر بل )کے لیے مؤثر مواقع فراہم ہوئے ۔ سینیٹ کی 38 قائمہ اور فنکشنل کمیٹیوں نے 346 اجلاس منعقد کیے جن کا مجموعی دورانیہ 780 گھنٹوں سے زائد رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں