مشرق وسطیٰ کشیدگی کم کرانے کیلئے اسلام آباد میں آج 4 ممالک کا اہم اجلاس
صدارت اسحاق ڈار کرینگے، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے سعودی وزیرکی آج آمد،ڈار کے قطری وزیراعظم ، انڈونیشین وزیر خارجہ سے رابطے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، وقائع نگار ،دنیا نیوز) مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرانے خطے کی موجود صورتحال اور ایران امریکہ مذاکرات کے حوالے سے آج اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوگا، ترکیہ اورمصر کے وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے جبکہ سعودی عرب کے وزیرخارجہ آج پہنچیں گے ۔چار فریقی اجلاس نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں ہوگا ،اجلاس میں سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان اور مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی شریک ہونگے ۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان اورمصر کے وزیرخارجہ بدرعبدالعاطی چار فریقی اجلاس میں شرکت کیلئے گزشتہ رات اسلام آباد پہنچ گئے ۔
پاکستان آمد پر ایڈیشنل فارن سیکرٹری افغانستان اور مغربی ایشیا سید علی اسد گیلانی نے ان کا استقبال کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق اسحاق ڈار کی دعوت پر سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کل 30 مارچ تک اسلام آباد میں قیام کرینگے ، دورے کے دوران وزرائے خارجہ کے درمیان خطے میں کشیدگی کم کرانے کی کو ششوں پر تبادلہ خیا ل کیا جائیگا ، مہمان وزرائے خارجہ وزیرِ اعظم شہباز سے بھی ملاقات کریں گے ۔دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے یہ دورہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا ، دفتر خارجہ کے مطابق یہ اعلیٰ سطح روابط خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا قطری وزیراعظم اور انڈونیشین وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، اسحاق ڈار نے قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ سے گفتگو کے دوران خطے سمیت عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ،دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں فوری کمی پر زور دیا، قطر نے امن و استحکام کے لئے پاکستان کی جاری کوششوں کو سراہا ۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے گہرے برادرانہ تعلقات کی توثیق کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔نائب وزیراعظم نے انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت دو طرفہ دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان بھائی چارے پر مبنی مضبوط تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے قریبی رابطے جاری رہنے پر اتفاق کیاگیا ۔