ایرانی بندرگاہ پر حملے میں جاں بحق پاکستانی کی میت وطن نہ پہنچ سکی

ایرانی بندرگاہ پر حملے میں جاں بحق  پاکستانی کی میت وطن نہ پہنچ سکی

کراچی(سٹاف رپورٹر)کراچی کا رہائشی نوجوان ایران کی بندرگاہ پر میزائل حملے میں جاں بحق ہوگیا، پانچ روز گزرنے کے باوجود میت وطن نہ پہنچ سکی، لواحقین نے وفاقی حکومت سے اپنے پیارے کی میت جلد پاکستان لانے کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ماری پور یونس آباد کا رہائشی نوجوان یاسر خان ایران کی بندرگاہ بندر عباس پر23 مارچ کی شب ٹگ بوٹ پر ہونے والے میزائل حملے میں شہید ہوگیا، یاسر اور اسکے ساتھی ٹگ بوٹ پر چھ ماہ سے ملازمت کررہے تھے ، یاسر چھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا اور تین سالہ بچے کا باپ تھا ۔ پانچ روز گزرنے کے باوجود تاحال یاسر خان کی میت پاکستان منتقل نہیں کی جا سکی، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر نہ ہی ان سے رابطہ کیا گیا اور نہ ہی میت کی واپسی کے اقدامات کیے گئے وہ اپنی مدد آپ کے تحت اپنے پیارے کی میت کو واپس لانے کے لئے کوششیں کررہے ہیں اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نے ان سے رابطہ کر کے بلوچستان حکومت سے درخواست کی ہے کہ تافتان کے ذریعے یاسر کی میت کو کراچی لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ لواحقین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وزارت خارجہ فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے میت کی وطن واپسی کو یقینی بنائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں