خیبرپختونخوا : فائرنگ، دھماکے، 3 افراد شہید، 2 دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا : فائرنگ، دھماکے، 3 افراد شہید، 2 دہشتگرد ہلاک

بنوں میںاے ایس آئی شہید،نستی کوٹ میں باردوی سرنگوں دھماکے،2افراد چل بسے

بنوں ،پاراچنار(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس کی گاڑی پرفائرنگ اور ضلع کرم میں بارودی سرنگوں کے 3دھماکوں میں اے ایس آئی سمیت 3افراد شہید ہوگئے جبکہ 2دہشت گرد مارے گئے ۔بنوں میں تھانہ ہوید کے علاقہ ممہ خیل میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل وین پر فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں پولیس کا اے ایس آئی دل نواز خان شہید اور3پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس کی گاڑی آگ لگنے سے جل گئی۔

آر پی او بنوں سجاد خان نے بتایا کہ حملے کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے ، پولیس نے دہشت گردوں کی دو موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ضلع کرم میں اپر کرم کے علاقہ میں بارودی سرنگوں کے تین دھماکوں میں دو افراد شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق نستی کوٹ کے کچے راستوں میں بارودی سرنگوں کے تین دھماکے ہوئے ۔پہلے دھماکے میں نستی کوٹ کا اقبال حسین شہید اورایک شخص زخمی ہوا ۔درپائی کرم کے کچے راستے میں بارودی سرنگ کے دوسرے دھماکے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا جس کی دونوں ٹانگیں کاٹنا پڑیں ۔نستی کوٹ میں تیسرے دھماکے میں اکبر علی نامی شخص شہید ہو گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں