لیڈی ولنگڈن ،غفلت پر 4سینئرڈاکٹراور ہیڈ نرس معطل
محکمہ صحت کا سکیورٹی گارڈ کے مریض کو بیہوشی کاٹیکہ لگانے کا سخت نوٹس سکیورٹی کمپنی سے معاہدہ بھی منسوخ ، ایک اور آپریشن تھیٹر کی ویڈیو وائرل
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )محکمہ صحت پنجاب نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں سکیورٹی گارڈ کی جانب سے مریض کو بے ہوشی کا ٹیکہ لگانے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے 4 سینئر کنسلٹنٹس اور ایک ہیڈ نرس کو معطل کر دیا ، غفلت کا مظاہرہ کرنے پر متعلقہ سکیورٹی کمپنی سے معاہدہ بھی فوری طور پر ختم کر دیا گیا۔بتایاگیاہے کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ نے آپریشن تھیٹر میں مریضوں کو بے ہوشی کی دوا (اینستھیزیا)کاانجکشن لگایا ،جس پر محکمہ صحت پنجاب نے سخت نوٹس لیتے ہوئے گریڈ 19کے ڈاکٹر منیر حسین،گریڈ18کی ڈاکٹر رطابہ خالد، ڈاکٹر منزہ ناہید، ڈاکٹر دریہ ارم اورگریڈ 17کی ہیڈ نرس عظمیٰ حسان کو معطل کرکے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی جبکہ سکیورٹی کمپنی کیساتھ معاہدہ فوری طور پر ختم کردیاگیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہسپتالوں میں نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں ، مریضوں کا محفوظ علاج معالجہ اولین ترجیح ہے۔ سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے کہا کہ ہسپتالوں میں دوران ڈیوٹی فرائض میں کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔ دوسری طرف لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایک اور سرکاری ٹیچنگ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ، ویڈیو میں خاتون مریضہ کو لوکل اینستھیزیا دیا جارہا ہے ۔ ویڈیو میں خاتون مریضہ کی پرائیویسی تک کا خیال نہیں رکھا گیا، خاتون مریضہ کی قابل اعتراض حالت میں ویڈیو بنائی گئی ہے۔