خیبرپختونخوا :آپریشن غضب للحق سے دہشتگردی 65 فیصد کم

خیبرپختونخوا :آپریشن غضب للحق سے دہشتگردی 65 فیصد کم

رواں سال آپریشن سے قبل 240،بعد میں 80واقعات ہوئے ، دستاویز

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)رواں سال 26اور 27فروری کی درمیانی شب سے افغانستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن غضب للحق شروع ہونے کے بعد خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں 65 فیصد کمی آگئی۔سرکاری دستاویز کے مطابق آپریشن غضب للحق سے پہلے خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے 240 واقعات ہوئے جبکہ آپریشن کے بعد صوبے میں اب تک دہشتگردی کے 80 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ آپریشن غصب للحق سے پہلے رواں سال کے نویں ہفتے دہشتگردی کے سب سے زیادہ 48 واقعات ہوئے جو آپریشن کے بعد رواں سال کے بارہویں ہفتے میں کم ہوکر12 رہ گئے۔

رواں سال کے دسویں ہفتے دہشتگردی کے 42 اور گیارہویں ہفتے 29 واقعات رپورٹ ہوئے جب کہ صوبے میں رواں سال مجموعی طور پر دہشتگردی کے 323 واقعات رپورٹ ہوئے ۔وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری کاٹی وی انٹرویو میں کہناتھاکہ افغانستان میں دہشتگردوں اور ان کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنانے سے دہشتگردی میں کمی آئی ، ملک سے ہر صورت دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔ آپریشن غضب للحق میں اسلام آباد اور بنوں سمیت ملک میں دہشتگرد حملوں میں ملوث ماسڑ مائنڈ مارے گئے اورکئی خطرناک دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے بتایا کہ آپریشن غضب للحق کے صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر مثبت اثرات پڑے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں