خوراک کا ضیاع سنگین مسئلہ

خوراک کا ضیاع سنگین مسئلہ

اسلام آباد(اے پی پی) صدرآصف زرداری نے خوراک کے ضیاع میں کمی کے لیے مربوط اور عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور محدود گھریلو آمدنی کے تناظر میں خوراک کے ضیاع میں کمی براہِ راست عوام کی روزمرہ زندگی سے جڑی ہوئی ہے۔

زرعی معیشت ہوتے ہوئے پاکستان کو کھیت سے منڈی تک ہونے والے نقصانات پر خصوصی توجہ دینی چاہئے ۔اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے عالمی یومِ زیرو ویسٹ کے موقع پر جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ خوراک کا ضیاع ایک سنگین مسئلہ ہے اس میں کمی کے لیے مربوط اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ اس سال عالمی یومِ زیرو ویسٹ خوراک کے ضیاع کے موضوع کے تحت منایا جا رہا ہے ، جو ایک ایسے چیلنج کی نشاندہی کرتا ہے جس کے پاکستان سمیت پوری دنیا پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ خوراک کے ضیاع اور نقصان میں کمی کو پیداوار، رسد ذخیرہ اور استعمال کے ہر مرحلے پر ترجیح دی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ بہت سے خاندانوں کے لیے خوراک کا ضیاع ایک مسئلہ ہے ، جہاں منڈی تک پہنچنے سے پہلے خراب ہونے والی اشیا، ناکافی ذخیرہ کے انتظامات ، متاثرہ فصلیں اور تقریبات کے بعد ضائع ہونے والی بڑی مقدار میں پکی ہوئی خوراک وسائل کے غیر موثر استعمال کی مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور محدود گھریلو آمدنی کے تناظر میں خوراک کے ضیاع میں کمی براہِ راست عوام کی روزمرہ زندگی سے جڑی ہوئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں