مظفر آباد مانسہرہ ایکسپریس وے کیلئے 62 ارب 83 کروڑ منظور
حتمی منظوری ایکنک سے لی جائے گی ،منصوبہ غیر ملکی فنڈنگ سے مکمل کیاجائیگا
اسلام آباد (وقائع نگار )وزارت مواصلات نے مظفر آباد مانسہرہ ایکسپریس وے کی تعمیر کے لیے 62 ارب 83 کروڑ 90 لاکھ روپے کی منظوری دے دی ، منصوبے کی حتمی منظوری ایکنک سے لی جائے گی ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے مظفر آباد سے مانسہرہ تک 27.7 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے کی تعمیر کے لیے اپ ڈیٹ شدہ پی سی ون حتمی منظوری کے لیے وزارت منصوبہ بندی کو بھجوادیاہے ۔ این ایچ اے کے مطابق منصوبے کا تخمینہ 62 ارب 83 کروڑ 90 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جس کی حتمی منظوری کے لیے معاملہ سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDWP) اور ایکنک (ECNEC) کو بھجوا دیا گیا ہے ۔ این ایچ اے کے مطابق منصوبے کو غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، این ایچ اے کے مطابق 56 ارب 55 کروڑ 51 لاکھ روپے غیر ملکی فنڈز لیا جائے گا جبکہ حکومت پاکستان کی جانب سے 6 ارب 28 کروڑ 39 لاکھ روپے مختص کیے جائیں گے ۔ این ایچ اے نے مظفرآباد مانسہرہ ایکسپریس وے کی تعمیر کے لیے منصوبے کو حتمی منظوری کے لیے وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کو بھجوا دیا ہے ۔