ٹیکس ریٹس پر نظر ثانی کر کے اس میں کمی کی جائے :پاکستان ٹیکس بار
تھرڈ پارٹی معلومات کی بنیاد پر کارروائی سے ٹیکس دہندگان میں تشویش بڑ ھ رہی ’ عہدیداران
لاہور( این این آئی)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ معاشی دبا ؤکے پیش نظر ٹیکس ریٹس پر نظر ثانی کر کے اس میں کمی کی جائے ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو ٹیکس دہندگان کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے مہم جوئی کا رویہ ترک کرے ۔پاکستان ٹیکس بارایسوسی ایشن کے صدر شیخ احسان الحق، جنرل سیکرٹری طاہر محمود بٹ، سینئر نائب صدر شیخ یاسین ، نائب صدور رانا منظور حسین، عامر حنیف اور شہباز قادر نے ٹیکس بارز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کو سیکشن 176 کے تحت کارروائی سے قبل سیکشن 218 پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے ، ایف بی آر اکثر تھرڈ پارٹی معلومات کی بنیاد پر براہِ راست سیکشن 111 کے تحت کارروائی شروع کر دیتا ہے جس سے ٹیکس دہندگان کو نہ تو اپنا ریکارڈ درست کرنے کا موقع ملتا ہے اور نہ ہی وہ اپنے قانونی حقوق کا استعمال کر پاتے ہیں۔ اس طرزِ عمل سے ٹیکس دہندگان میں تشویش اور بد اعتمادی بڑھ رہی ہے جو ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے ۔تھرڈ پارٹی ذرائع جیسے بینک اور نادرا سے حاصل ہونے والی معلومات بعض اوقات نامکمل بھی ہو سکتی ہیں ،اس لیے ایف بی آر کو چاہیے کہ کارروائی سے پہلے ٹیکس دہندگان کو بذریعہ نوٹس آن لائن اور مینوئل دونوں طریقوں سے آگاہ کرے ۔